خیبرپختونخوا: دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں کو ماڈل گڈ گورننس اضلاع بنانے کا فیصلہ
خیبرپختونخوا میں دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں کو ماڈل گڈ گورننس اضلاع میں تبدیل کرنے اور متاثرہ اضلاع کے لیے خصوصی پیکج دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہم سب کی مشترکہ ہے، اس کے لیے سول حکومت، انتظامیہ ، پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارےایک پیج پر ہیں اور مل کر کوششیں جاری رکھیں گے۔
پریس سیکریٹری برائے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق جمعرات کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت صوبائی اپیکس کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزرا ، کورکمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کے علاوہ اعلیٰ سول، فوجی اور قانون نافذ کرنے والے حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے آغاز میں مختلف واقعات میں شہادت پانے والے عام شہریوں، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اہلکاروں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
صوبائی اپیکس کمیٹی کے اہم اجلاس میں دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں کو ماڈل گڈ گورننس اضلا ع میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے امن کی بحالی اور نقل مکانی کرنے والوں کی باعزت واپسی کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے لیے سول حکومت، انتظامیہ، پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے ایک پیج پر ہیں اور مل کر کوششیں جاری رکھیں گے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ یہ ہم سب کی مشترکہ جنگ ہے، اس کو مشترکہ کوششوں سے ہی جیتا جا سکتا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں سیکیورٹی، مواصلات، صحت، تعلیم، روزگار، بنیادی سہولیات اور دیگر خدمات کے لیے خصوصی پیکج دیا جائے گا۔
فورم نے فیصلہ کیا کہ پائیدار استحکام کے لیے جن علاقوں سے عارضی نقل مکانی کی گئی، حکومت اس عمل کے دوران متاثرہ افراد کی مکمل دیکھ بھال، بحالی اور بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنائے گی تاکہ یہ عارضی مشکل مستقبل میں امن، ترقی اور خوشحالی کی بنیاد بن سکے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ امن کی بحالی اور نقل مکانی کرنے والوں کی باعزت واپسی کو حکومت کی اولین ترجیح ہے، صوبہ خیبر پختونخوا کی حکومت اپنے تمام تر وسائل بشمول فوج، پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر اداروں کو استعمال کرتے ہوئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔











