ٹرانسپورٹرز، پنجاب حکومت کے مذاکرات کامیاب، سندھ میں ڈیڈ لاک برقرار

پنجاب میں کمرشل گاڑیوں کا جرمانہ 15 ہزار سے کم کر کے 4 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ
شائع 17 دسمبر 2025 07:28pm

ٹرانسپورٹرز کے پنجاب حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد کمرشل گاڑیوں کا جرمانہ 15 ہزار سے کم کر کے 4 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ دوسری جانب کراچی میں گڈز ٹرانسپورٹرز کے سندھ حکومت سے مذاکرات میں ڈیڈ لاک برقرار ہے، جس کے باعث ہڑتال 10 ویں روز بھی جاری ہے۔ ٹرانسپورٹرز نے مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کررکھا ہے۔

بدھ کو لاہور میں ٹرانسپورٹرز اور پنجاب حکومت کے درمیان ہونے والے مذاکرات کامیاب ہوگئےہیں، جن میں کمرشل گاڑیوں کے جرمانوں، گاڑیوں کی لمبائی اور بس روٹس سے متعلق اہم فیصلوں پر اتفاق کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ٹرانسپورٹرز اور حکومت پنجاب کے درمیان مذاکرات کے بعد کمرشل گاڑیوں پر عائد جرمانے میں نمایاں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مذاکرات کے نتیجے میں کمرشل گاڑیوں کا جرمانہ 15000 روپے سے کم کر کے 4000 روپے کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مزدا گاڑیوں کی لمبائی سے متعلق بھی اہم فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت مزدا گاڑیوں کی لمبائی 20 فٹ کے بجائے 38 فٹ رکھنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

اسی طرح بسوں کے روٹس کے دورانیے میں بھی توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے، بس روٹ کا دورانیہ ایک سال کے بجائے 2 سال کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

مذاکرات میں طے پانے والے فیصلوں کو ٹرانسپورٹرز نے خوش آئند قرار دیا ہے جب کہ ذرائع کے مطابق ان اقدامات کا باضابطہ نوٹیفکیشن جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ 12 دسمبر کو پنجاب حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہونے کے بعدگڈز ٹرانسپورٹرز نے پنجاب میں ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا۔

مذاکرات کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی تھی، کمیٹی کی سربراہی پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کے سپرد کی گئی تھی جب کہ ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں کو بھی اس میں شامل کیا گیا تھا۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ٹرانسپورٹرز کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ مسائل کو افہام و تفہیم سے حل کریں گے، حکومت کا مقصد انسانی زندگی کا تحفظ اور تمام شہریوں کے لیے حالات بہتر بنانا ہے۔

کراچی میں ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کا آج 10 واں روز

کراچی میں گڈز ٹرانسپورٹرز کے حکومتی کمیٹی سے مذکرات میں ڈیڈ لاک برقرار ہے، ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کا آج 10 واں روز ہے، ٹراسپورٹ بند ہونے سے کاروباری اور تجارتی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہیں۔

ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشنز کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی، حکومت کی مذاکراتی کمیٹی اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان آج دوبارہ مذاکرات ہوں گے۔

ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے باعث قومی سپلائی چین مفلوج ہوگئی، برآمد کنندگان کو بھاری مالی نقصانات کا سامنا ہے، تمام بڑی بندرگاہوں پر آپریشنز مکمل طور پر بند ہیں، ہزاروں کنٹینرز بندرگاہوں پر پھنسے ہوئے ہیں، جہازوں پر لدے سیکڑوں کنٹینرز برتھنگ اسپیس کے منتظر ہیں۔

گزشتہ روز بھی کراچی میں وفاقی اور پنجاب حکومت کی مذاکراتی کمیٹی پورٹ اینڈ شیپنگ حکام، آئی جی موٹروے، چیئرمین این ایچ اے، ممبر کسٹم ایف بی آر، چئیرمین کے پی ٹی، چیف کلیکٹر کسٹم اور کسٹم کلیکٹر کراچی کے ساتھ مذکرات ناکام رہے۔

Punjab Government

Transporters

goods transporters

commercial vehicles

reduce fine