کیڈٹ کالج وانا پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام، حملے میں ملوث تمام خوارج مارے گئے

ایک خودکش بمبار سمیت 5 خوارج کامیاب آپریشن کے بعد ہلاک کیے گئے، سیکیورٹی فورسز
شائع 12 نومبر 2025 12:36am

خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے وانا میں کیڈیٹ کالج پر حملے میں ملوث تمام خوارج دہشت گرد مارے گئے جب کہ ایک خودکش بمبار سمیت 5 خوارج کامیاب آپریشن کے بعد ہلاک کیے گئے ہیں۔

جنوبی وزیرستان کے وانا کیڈٹ کالج میں افغان خوارج کے حملے کو سیکیورٹی فورسز نے جامع اور جرأت مندانہ کارروائی کے ذریعے مکمل طور پر ناکام بنایا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کیڈٹ کالج وانا پر حملہ آور تمام خوارج کو کامیاب آپریشن کے ذریعے ہلاک کردیا گیا، ایک خودکش حملہ آور کے علاوہ 4 خوارج کامیاب آپریشن کرکے جہنم واصل کیے گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت کالج کی عمارت کو بارودی سرنگوں کے خطرے کے پیش نظر مزید کلیئر کیا جا رہا ہے۔

اس کامیاب آپریشن کے دوران کیڈٹ کالج کے کسی بھی طالب علم یا استاد کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ سکیورٹی فورسز نےکالج میں موجود تمام طلبہ اور اساتذہ کو بحفاظت ریسکیو کرلیا۔

سکیورٹی ذرائع نے بتایاکہ کیڈٹ کالج پر حملے کے وقت 525 کیڈٹس سمیت تقریباً 650 افراد موجود تھے۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہےکہ افغان خوارج کی کالج میں موجودگی اورکیڈٹس کی جانوں کی حفاظت کے پیش نظر آپریشن نہایت احتیاط اور حکمت عملی سےکیا گیا۔

AAJ News Whatsapp

یاد رہے کہ 10 نومبر کو افغان خوارج نے کالج کے مرکزی گیٹ پر بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی تھی، جس کے نتیجے میں کالج کا مرکزی دروازہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا اور قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ تاہم پاک فوج کے جوانوں نے فوری اور بہادری سے کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا تھا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ ان دہشت گردوں کا نہ اسلام سے کوئی تعلق ہے، نہ پاکستان کی خوشحالی سے۔ یہ عناصر صرف معصوم قبائلی بچوں اور ملک کے امن کو نشانہ بنانا چاہتے ہیں۔

ذرائع نے واضح کیا تھا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا، اور سیکیورٹی فورسز اس بات کے لیے پرعزم ہیں کہ پاکستان کے تعلیمی اداروں اور شہریوں کو محفوظ بنایا جائے۔

وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وانا حملے کے پیچھے افغانستان اور بھارت کا گٹھ جوڑ ہے۔ مقصد پراکسی وار کے ذریعے پاکستان کو نقصان پہنچانا ہے، حملوں کے ساتھ مذاکرات جاری نہیں رہ سکتے۔ تحقیقات کے بعد ثبوت دنیا کے سامنے رکھیں گے۔ دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، بھارت اور افغانستان کو منہ کی کھانا پڑے گی۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ واناکیڈٹ کالج پردہشت گردوں کاحملہ بہادرجوانوں نےناکام بنادیا، دہشت گردوں کاافغانستان سے رابطہ رہا، مجھ سمیت وزیردفاع اور دیگر حکام نے افغانستان کو شواہد پیش کیے۔ افغانستان اپنی سرزمین سے دہشت گردی روکے، دہشت گردی نہ رکی توہم ذمہ داروں کا بندوبست کریں گے۔

South Waziristan

خیبر پختونخوا

Fitnah Al Khawarij

and Fitna al Khawarij

cadet college wana

Wana Cadet College Attack

Wana Attack