امریکا ایران کشیدگی: پی آئی اے نے خلیجی ممالک کا فضائی آپریشن معطل کر دیا
مشرق وسطیٰ کی بدلتی صورتِ حال کے باعث پاکستان ایئرلائن (پی آئی اے) نے اپنا خلیجی ممالک کا فضائی آپریشن معطل کر دیا۔
مشرق وسطیٰ میں بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے خلیجی ممالک کے لیے اپنے فضائی آپریشن عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق یہ فیصلہ خطے کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق متحدہ عرب امارات، بحرین، دوحہ اور کویت کے لیے تمام پروازیں فی الحال معطل کر دی گئی ہیں۔ یہ پروازیں ابتدائی طور پر کل شام تک یا متعلقہ فضائی حدود کی بحالی تک آپریٹ نہیں ہوں گی۔
ایئرلائن کا کہنا ہے کہ صورتحال میں بہتری آنے یا نئی ہدایات موصول ہونے تک پروازوں کی بحالی سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔

پی آئی اے کے مطابق سعودی عرب کے لیے پروازیں جاری رہیں گی، تاہم ان کے روٹس تبدیل کر دیے گئے ہیں۔
مسافروں کی حفاظت اور پروازوں کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے ان پروازوں کو بوئنگ 777 طیاروں پر منتقل کر دیا گیا ہے، جو طویل راستے سے اپنی منزل تک پہنچیں گی۔
ترجمان کے مطابق فلائٹ آپریشن کی مزید بحالی یا توسیع شدہ معطلی کا فیصلہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔ ایئرلائن نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی پروازوں سے متعلق تازہ معلومات کے لیے متعلقہ ذرائع سے رابطے میں رہیں اور کسی بھی تبدیلی کی صورت میں بروقت آگاہی حاصل کریں۔














