گرین شرٹس کو بھارت سے کھیلنے کا گرین سگنل مل گیا

پاکستان کرکٹ بورڈ نے جو شرائط رکھی تھیں، آئی سی سی نے وہ تمام شرائط مان لی ہیں۔
اپ ڈیٹ 10 فروری 2026 12:21pm
Pakistan vs India T20 Match | Govt Announcement | ICC Update | Cricket News - Aaj Pakistan News

کرکٹ کی دنیا کے سب سے بڑے مقابلے یعنی پاک بھارت ٹاکرے کے حوالے سے چھائے ہوئے بے یقینی کے بادل چھٹ گئے ہیں۔ حکومت پاکستان نے دوست ممالک کی خصوصی درخواست اور کامیاب کرکٹ ڈپلومیسی کے بعد قومی ٹیم کو 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول ٹی ٹوئنٹہ ورلڈ کپ میچ کھیلنے کے لیے باضابطہ طور پر گرین سگنل دے دیا ہے۔ اس اہم فیصلے کے بعد اب شائقین کرکٹ اتوار کے روز دونوں روایتی حریفوں کے درمیان گھمسان کا رن دیکھ سکیں گے۔

اس پورے معاملے میں پاکستان کا موقف انتہائی دوٹوک اور اصولی رہا ہے جس کے سامنے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل یعنی آئی سی سی کو بھی پیچھے ہٹنا پڑا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے جو شرائط رکھی تھیں، آئی سی سی نے وہ تمام شرائط مان لی ہیں، جس کے بعد اس میچ کی راہ ہموار ہوئی۔

اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کو پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے آئی سی سی اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ساتھ ہونے والے مذاکرات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی ہے۔

پاکستان کی اس کامیاب کرکٹ ڈپلومیسی کا سب سے بڑا فائدہ بنگلہ دیش کو ہوا ہے۔

بنگلہ دیش کے کرکٹ بورڈ نے پاکستان سے درخواست کی تھی کہ وہ بھارت کے خلاف میچ کھیلے تاکہ عالمی کرکٹ کا نظام متاثر نہ ہو۔

پاکستان نے اپنے برادر ملک کی حمایت کی جس کے نتیجے میں آئی سی سی نے اعلان کیا ہے کہ ورلڈ کپ کے بعض میچز میں شرکت نہ کرنے پر بنگلہ دیش پر کسی قسم کا جرمانہ یا پابندی عائد نہیں کی جائے گی۔

یہی نہیں بلکہ بنگلہ دیش کو مستقبل میں ایک بڑے آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی بھی دی جائے گی۔

اس صورتِحال کو حل کرنے کے لیے سری لنکن صدر نے بھی وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور دوستانہ ماحول میں بات چیت کی۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام نے اس مشکل وقت میں ساتھ دینے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے، جسے پاکستان نے نہایت گرمجوشی سے قبول کرتے ہوئے بنگلہ دیش کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

حکومت پاکستان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ کھیل کی روح کو بچانے اور کرکٹ کے فروغ کے لیے کیا گیا ہے۔ اب قوم کی تمام تر دعائیں گرین شرٹس کے ساتھ ہیں کہ وہ 15 فروری کو میدان میں اتر کر شاندار فتح حاصل کریں۔