’بھارت کے ساتھ میچ کھیلنے کے لیے پاکستان کی تین شرائط ہیں‘: بھارتی میڈیا کا دعویٰ

محسن نقوی آئی سی سی حکام سے ملاقات کے بعد حتمی مشاورت کے لیے پیر کے روز وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے، جس کے بعد فیصلہ متوقع ہے۔
شائع 09 فروری 2026 09:53am

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے حوالے سے جاری اختلافات ایک اہم مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں۔ بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے فیصلے پر نظرثانی کے لیے آئی سی سی کے سامنے تین بڑی شرائط رکھی ہیں، جن پر لاہور میں ہونے والے حالیہ اجلاس میں تفصیلی بات چیت کی گئی۔

بھارتی نیوز چینل ’این ڈی ٹی وی‘ نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ پی سی بی نے آئی سی سی سے مطالبہ کیا ہے کہ بنگلہ دیش کو زیادہ معاوضہ دیا جائے تاکہ عالمی کرکٹ میں اس کی بڑھتی ہوئی شراکت کا اعتراف کیا جا سکے۔

رپورٹ کے مطابق، پاکستان کا مؤقف ہے کہ بہتر فنڈنگ سے بنگلہ دیش کی کرکٹ میں انفراسٹرکچر، کھلاڑیوں کی تیاری اور قومی ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

بھارتی میڈیا کے دعوے کے مطابق، پی سی بی کی دوسری شرط یہ ہے کہ بنگلہ دیش کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر کیے جانے کے باوجود ایونٹ میں شرکت کی فیس دی جائے۔

میڈیا رپورٹ میں کہا گیا کہ اس مطالبے کے پیچھے دلیل دی گئی ہے کہ ٹیمیں کسی بھی عالمی ایونٹ کے لیے بھاری سرمایہ کاری کرتی ہیں اور انہیں کارکردگی سے قطع نظر کم از کم مالی تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے۔

رپورٹ کے مطابق، تیسری شرط کے تحت پی سی بی نے آئی سی سی سے مطالبہ کیا ہے کہ بنگلہ دیش کو مستقبل میں کسی بڑے آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی دی جائے اور اس حوالے سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بنگلہ دیش کے پاس اب مطلوبہ سہولیات اور شائقین کی بڑی تعداد موجود ہے، جو کسی بھی عالمی ایونٹ کے کامیاب انعقاد کی صلاحیت رکھتی ہے۔

واضح رہے کہ محسن نقوی آئی سی سی حکام سے ملاقات کے بعد حتمی مشاورت کے لیے پیر کے روز وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے، جس کے بعد فیصلہ متوقع ہے۔

یہ تنازع اس وقت شدت اختیار کر گیا تھا جب آئی سی سی نے گزشتہ ماہ بنگلہ دیش کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر کر دیا تھا۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بھارت میں میچ کھیلنے سے سیکیورٹی خدشات کے باعث انکار کیا تھا، تاہم آئی سی سی کا کہنا تھا کہ کسی قابلِ تصدیق خطرے کے شواہد موجود نہیں ہیں۔ اس فیصلے کے بعد آئی سی سی نے بنگلہ دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ایونٹ میں شامل کر لیا تھا۔

اس صورتحال کے بعد پاکستان نے بنگلہ دیش کی حمایت کا اعلان کیا اور بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا۔

ادھر میدان میں پاکستان ٹیم نے ورلڈ کپ کے اپنے ابتدائی میچ میں نیدرلینڈز کے خلاف کولمبو میں سخت مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے کامیابی حاصل کی، جس سے ٹیم کو ٹورنامنٹ میں اعتماد ملا ہے۔

اب تمام نظریں پی سی بی اور حکومت پاکستان کے آئندہ فیصلے پر لگی ہوئی ہیں، جس سے یہ واضح ہو سکے گا کہ آیا پاکستان بھارت کے خلاف میچ کھیلے گا یا بائیکاٹ کا فیصلہ برقرار رکھا جائے گا۔