ٹی 20 ورلڈ کپ سے متعلق شہباز شریف کے دبنگ بیان پر بنگلادیش کا ردعمل آگیا
بنگلادیش نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اظہار یکجہتی اور ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت سے میچ نہ کھیلنے کے واضح مؤقف پر تشکر کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کے ٹی 20 ورلڈ کپ سے متعلق دبنگ بیان پر جمعرات کو بنگلادیش کا ردعمل بھی آگیا ہے۔
بنگلادیش کے اسپورٹس ایڈوائزر ڈاکٹر آصف نذرل نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف کے کابینہ اجلاس سے خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بنگلادیش کو ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر کیے جانے پر احتجاجاً بھارت کے ساتھ میچ کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا۔

ڈاکٹر آصف نذرل نے بھارت سے میچ نہ کھیلنے کے واضح مؤقف پر پاکستان کا شکریہ اداکیا۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے بدھ کو کابینہ اجلاس کے دوران کہا تھا کہ ہم بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلیں گے کیوں کہ کھیل کے میدان پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ ہم نے یہ فیصلہ بہت سوچ سمجھ کر کیا ہے۔ ہمیں مکمل طور پر بنگلادیش کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔ میرے خیال میں یہ بہت مناسب فیصلہ ہے۔
اس سے قبل حکومت پاکستانی نے یکم فروری کو ایک سوشل میڈیا پر جاری پیغام کے ذریعے آگاہ کیا تھا کہ پاکستانی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت دی گئی ہے مگر 15 فروری کو بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلا جائے گا۔
اس حوالے سے آئی سی سی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کونسل کو باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا ہے۔
گزشتہ روز بھارتی میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ آئی سی سی نے مسئلے کے حل کے لیے نائب سربراہ عمران خواجہ کو پاکستان سے بیک ڈور بات چیت کا ٹاسک سونپا ہے۔
یاد رہے کہ آئی پی ایل سے بنگلا دیشی کرکٹر مستفیض الرحمان کو نکالے جانے کے بعد تنازع شروع ہوا جس کے بعد بنگلا دیشی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سکیورٹی خدشات کے باعث بھارت جانے سے انکار کیا اور اپنے تمام میچ سری لنکا منتقل کرنے کی آئی سی سی سے درخواست کی۔
آئی سی سی نے معاملہ حل کرنے کے بجائے بنگلادیش کو ایونٹ سے باہر کرکے اسکاٹ لینڈ کو شامل کرلیا، اس صورتحال کے بعد حکومت پاکستان نے بنگلا دیش سے اظہار یکجہتی کی بنیاد پر بھارت کے خلاف 15 فروری کو ہونے والے میچ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
















