سانحہ گل پلازہ: شہدا کے اہل خانہ کو ایک کروڑ روپے فی کس دینے کی منظوری

مزید 3 لاشوں کی شناخت اور 73 لاشوں کی باقیات کا میڈیکولیگل پروسس مکمل ہوگیا جب کہ تفتیشی حکام نے گل پلازہ کا اسکیچ تیار کرلیا۔
شائع 27 جنوری 2026 05:52pm

سانحہ گل پلازہ میں مزید 3 لاشوں کی شناخت ہوگئی، جس کے بعد شہدا کی مجموعی تعداد 27 ہوگئی، پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کے مطابق 73 لاشوں کی باقیات کا میڈیکولیگل پروسس مکمل کرلیا۔ سندھ کابینہ نے سانحہ گل پلازہ میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ کو ایک کروڑ روپے فی کس دینے کی منظوری دے دی۔ تفتیشی حکام نے تینوں اطراف کا جائزہ لے کرگل پلازہ کا اسکیچ تیار کرلیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں بتایا گیا کہ سانحہ گل پلازامیں متاثر ہونے والے دکانداروں کو 5،5 لاکھ روپے کچن اور یوٹیلیٹی اخراجات کے لیے کمشنر کے ذریعے ادا کیے جا رہے ہیں۔

سندھ کابینہ نے متاثرہ دکانداروں کو ایک ایک کروڑ روپے بلاسود قرض فراہم کرنے کی منظوری دی اور اس موقع پر وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ متاثرین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کریں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ قرضہ دکانداروں کے دوبارہ کاروبار شروع کرنے کے لیے دیا جا رہا ہے، ایک کروڑ روپے پر واجب الادا سود حکومت سندھ ادا کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام متاثرہ دکانداروں کو دو ماہ کے اندر کاروبار شروع کرنے کے لیے دکان کی سہولت فراہم کی جائے گی، ہم دکانداروں کے تحفظ اور سہولت کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔

سندھ کابینہ نے سانحہ گل پلازاپر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی سربراہی میں سب کمیٹی قائم کردی گئی، سب کمیٹی میں صوبائی وزرا، شرجیل میمن، ناصر حسین شاہ، سعید غنی اور ضیاء الحسن لنجار شامل ہیں۔

سب کمیٹی کمشنر کراچی کی سربراہی میں قائم انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کا جائزہ لے گی، سب کمیٹی کمشنر کی رپورٹ کی روشنی میں مزید کارروائی اور لائحہ عمل کا فیصلہ کرے گی.

سانحہ گل پلازہ میں مزید 3 لاشوں کی شناخت

دوسری جانب کراچی میں پیش آنے والے سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے، جہاں پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کے مطابق مزید 3 لاشوں کی شناخت مکمل کرلی گئی ہے جب کہ 73 لاشوں کی باقیات کا میڈیکولیگل پروسس مکمل ہوچکا ہے۔

پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ نے بتایا کہ سانحہ گل پلازہ میں اب تک مجموعی طور پر 27 افراد کی شناخت کی جاچکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 20 لاشوں کی شناخت ڈی این اے کے ذریعے ممکن ہوئی۔

ڈاکٹر سمعیہ کے مطابق شناخت کا عمل سندھ فرانزک ڈی این اے اینڈ سیرو لوجی لیبارٹری جامعہ کراچی میں مکمل کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ سانحے میں لاپتہ 65 افراد کی تلاش کے لیے اب تک 56 خاندانی نمونے حاصل کیے جاچکے ہیں۔

پولیس سرجن کا کہنا ہے کہ میڈیکولیگل اور شناخت کے تمام مراحل طے شدہ طریقہ کار کے مطابق مکمل کیے جارہے ہیں جب کہ مزید تفصیلات بعد میں فراہم کی جائیں گی۔

گل پلازا میں سرچنگ آپریشن اور ملبہ اٹھانے کا کام دوسرے روز بھی بند ہے، اطراف میں گرین شیڈ لگا دیے گئے ہیں، پولیس اور رینجرز اہلکار بھی تعینات ہیں جب کہ عمارت ایس بی سی اے کے حوالے کر دی گئی۔

تفتیشی حکام نے گل پلازہ کا اسکیچ تیار کرلیا

ادھر سانحۃ گل پلازہ کی تحقیقات کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ سٹی شعبہ تفتیش کے افسران نے متاثرہ عمارت کا دورہ کیا، جہاں حکام نے تینوں اطراف کا جائزہ لے کرگل پلازہ کا اسکیچ تیار کرلیا۔

تفتیشی حکام کے مطابق ڈسٹرکٹ سٹی شعبہ تفتیش کے افسران گل پلازہ پہنچے اور عمارت کا تینوں اطراف سے معائنہ کیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ سینئر افسران کی جانب سے گل پلازہ کا اسکیچ تیار کیا گیا جب کہ اسکیچ کے ذریعے سانحے کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا۔

حکام نے بتایا کہ فی الوقت تفتیشی ٹیم کو عمارت کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی، جس کے باعث متاثرہ عمارت کا جائزہ باہر سے لیا جا رہا ہے۔ تفتیشی حکام کے مطابق گل پلازہ سانحے پر قائم کی گئی کمیٹی کی رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ کمیٹی کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد تفتیشی عمل کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا اور بیانات قلمبند کیے جائیں گے۔ تفتیشی حکام نے بتایا کہ تیار کیے گئے اسکیچ میں دکان نمبر 193 کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ سٹی کی تفتیشی ٹیم نے بھی عمارت سے شواہد جمع کرلیے ہیں، فارنزک ٹیم بھی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کررہی ہے۔ شہید اور لاپتا افراد کا ڈیٹا مرتب کرنے کے لیے نادرا وین طلب کرلی گئی ہے، ڈی سی ساؤتھ کے دفترمیں متاثرین کی ایف آرسی تیارکی جارہی ہے۔