پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلے گا یا نہیں؟ حتمی فیصلہ کل ہونے کا امکان

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کل وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے اور معاملے سے آگاہ کریں گے، ذرائع
اپ ڈیٹ 25 جنوری 2026 08:26pm

پاکستان کی آئندہ ٹی 20 ورلڈکپ میں شرکت سے متعلق اہم فیصلہ کل متوقع ہے، اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن کل وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلے گا یا نہیں؟ حتمی فیصلہ کل ہونے کا امکان ہے، اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کل وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے، جس میں پاکستان کی ٹی 20 ورلڈکپ میں شرکت سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی وزیراعظم کو ورلڈکپ سے متعلق موجودہ صورت حال اور مختلف پہلوؤں سے آگاہ کریں گے۔ ملاقات میں آئندہ لائحہ عمل اور ممکنہ فیصلوں پر بھی غور کیا جائے گا۔

محسن نقوی کی قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چئیرمین محسن نقوی نے لاہور میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے حوالے سے پی سی بی کے مؤقف پر انہیں اعتماد میں لیا۔

ملاقات میں کھلاڑیوں نے چئیرمین پی سی بی کے اصولی مؤقف کو سراہا اور مکمل حمایت کا اظہار کیا۔ محسن نقوی نے پاک آسٹریلیا ٹی 20 سیریز کے لیے قومی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

ورلڈ کپ میں بھارت کے شرکت نہ کرنے کے حوالے سے محسن نقوی نے کہا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا مؤقف اصولوں پر مبنی ہے اور پی سی بی آئی سی سی کے دہرے معیار کو مسترد کرتا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ ہم نے کرکٹ کے سنہری اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بنگلہ دیش کی حمایت کی اور ورلڈ کپ کے حوالے سے پاکستانی حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی اسے من و عن نافذ کریں گے۔

چئیرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ سیاست زدہ کرکٹ کسی کے بھی مفاد میں نہیں، سب کو کرکٹ کے اصولوں پر عمل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو یقین دلایا کہ وہ ہر لحاظ سے باصلاحیت ہیں اور کسی بھی میدان میں کامیابی ٹیم ورک سے حاصل ہوتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ شائقین کرکٹ کی نظریں بھی پاک آسٹریلیا سیریز پر ہیں اور وہ بجا طور پر کھلاڑیوں سے بہترین کارکردگی کی توقع رکھتے ہیں۔ ملاقات کے دوران کھلاڑیوں نے بھی پی سی بی کے اصولی مؤقف کے ساتھ مکمل اتفاق کا اظہار کیا۔

اس موقع پر کپتان سلمان آغا، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، مینیجر ٹیم نوید اکرم چیمہ، عاقب جاوید، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی، ڈائریکٹر میڈیا، ڈائریکٹر کمرشل اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلادیش کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر کرتے ہوئے اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ٹورنامنٹ میں شامل کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

آئی سی سی کے اعلامیے کے مطابق بنگلادیش کی جانب سے سیکیورٹی تحفظات پر گزشتہ تین ہفتوں تک مشاورت جاری رہی، جس دوران اندرونی اور بیرونی ماہرین سے تفصیلی سیکیورٹی اسیسمنٹ بھی کروائی گئی۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ جائزے کے بعد بھارت میں بنگلادیش ٹیم کو کوئی قابلِ تصدیق سیکیورٹی خطرہ ثابت نہیں ہوا۔ مقررہ وقت تک بنگلادیش کی جانب سے حتمی جواب موصول نہ ہونے پر گورننس اور کوالیفکیشن قوانین کے تحت متبادل ٹیم شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

آئی سی سی کے مطابق اسکاٹ لینڈ اس وقت آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں 14ویں نمبر پر ہے، جبکہ اس کی رینکنگ نمیبیا، متحدہ عرب امارات، نیپال، امریکا، کینیڈا، عمان اور اٹلی سے بہتر ہے۔

PCB

ICC

ICC T20 World Cup

PM Shehbaz Sharif

mohsin naqvi

PAKISTAN CRICKET BOARD (PCB)

T20 world cup 2026

ICC Men’s T20 World Cup 2026