گل پلازہ آتشزدگی: صدر اور وزیراعظم کی وزیراعلیٰ سندھ کو تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت

وزیراعظم نے مراد علی شاہ کو وفاق کی جانب سے ہر قسم کی معاونت فراہم کرنے کی بھی پیشکش کی ہے۔
شائع 18 جنوری 2026 11:30pm

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے اور گل پلازہ میں آگ لگنے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور ریسکیو اور فائر فائٹنگ آپریشن کی کامیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔

اتوار کے روز وزیراعظم شہبازشریف نے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ سے رابطہ کرکے آگ سے ہونے والے جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ کو وفاقی حکومت کی جانب سے ہر قسم کی معاونت فراہم کرنے کی بھی پیشکش کی ہے۔

شہباز شریف نے کہاکہ دکھ و مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرین اور سندھ حکومت کے ساتھ ہیں، گنجان آباد شہری علاقوں میں آگ پر بروقت قابو پانے کے لیے ایک مربوط و مؤثر نظام انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کے تدارک کے لیے ایک مربوط نظام کی تشکیل کے لیے صوبائی حکومت کی ہر قسم کی معاونت کے لیے تیار ہیں۔

وزیراعظم نے گزشتہ روز گل پلازہ کراچی میں آگ لگنے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے وفاقی اداروں کو سندھ حکومت کی مکمل معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

صدر کا وزیراعلیٰ سندھ سے رابطہ

دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور گل پلازہ کراچی میں لگنے والی آگ کی تازہ صورت حال دریافت کی، جس پر 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود بھی پوری طرح قابو نہیں پایا جا سکا۔

صدرِ مملکت نے تاکید کی کہ ریسکیو اور فائر فائٹنگ آپریشن کی کامیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔

آصف زرداری نے شدید آتشزدگی میں شہید ہونے والے فائر فائٹر فرقان شوکت کی شجاعت کو سراہتے ہوئے حکومتِ سندھ کو سول ایوارڈ کے لیے نامزد کرنے کا کہا ہے۔

صدرِ مملکت نے وزیرِاعلیٰ سندھ کو تاکید کی کہ زخمیوں کی طبی نگہداشت اور متاثرین کے گھروں کی بحالی کے لیے فوری اقدامات اٹھانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔

انہوں نے حکومتِ سندھ کو فائر سیفٹی قوانین کے نفاذ اورتجارتی و رہائشی عمارتوں میں حفاظتی معائنوں کے نظام کو جدید خطوط پر استوارکرنے کی ضرورت پر زوردیا تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات کی روک تھام ہو سکے۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم کو صورت حال کا علم ہے تاہم انہوں نے ذاتی طور پر رابطہ نہیں کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ واقعے کی مکمل انکوائری کی جائے گی جب کہ تاجروں کے نقصانات کا ازالہ کریں گے۔

واضح رہے کہ کراچی کے گل پلازہ میں لگنے والی آگ پر 24 گھنٹے بعد بھی قابو نہیں پایا جا سکا، واقعے میں 6 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے جب کہ واقعے میں اب 58 افراد لاپتہ ہیں۔

karachi

fire incident

PM Shehbaz Sharif

Karachi Fire

President Asif Ali Zardari

Gul Plaza Fire

Karachi Fire Incidents

Gul Plaza