افغان ڈپٹی سفیر کی دفترخارجہ طلبی، خوارج کے حملے میں 4 جوانوں کی شہادت پر پاکستان کا احتجاج

پاکستان افغان سرزمین سے جنم لینے والی دہشت گردی کے جواب میں تمام ضروری اقدامات کرے گا، ترجمان دفترخارجہ
شائع 19 دسمبر 2025 11:10pm

پاکستان نے افغانستان کی سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی پر افغان ڈپٹی سفیر کو دفترخارجہ طلب کیا اور خوارج کے شمالی وزیرستان میں ملٹری کیمپ پر حملے میں 4 جوانوں کی شہادت پر سخت احتجاج ریکارڈ کرایا۔ دفترخارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان افغان سرزمین سے جنم لینے والی دہشت گردی کے جواب میں تمام ضروری اقدامات کرے گا۔

ترجمان دفترخارجہ طاہر اندرابی کے مطابق افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی پر افغان طالبان حکومت کے سامنے سخت احتجاج کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شمالی وزیرستان میں قائم ایک فوجی کیمپ پر خوارج سے تعلق رکھنے والے خارجی گل بہادر گروپ کے دہشت گردوں کے حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی گئی جہاں پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوئے۔

ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ افغان ڈپٹی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اورانہیں پاکستان کی جانب سے باضابطہ احتجاجی مراسلہ دیا گیا۔

وزارت خارجہ نے افغان طالبان حکومت کی جانب سے فتنہ الخوارج ٹی ٹی پی کو مسلسل سہولت اور معاونت فراہم کیے جانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا، جس کے باعث پاک-افغان سرحد اور ملحقہ علاقوں میں پاکستانی فوج اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ احتجاج میں واضح کیا گیا کہ افغانستان میں ٹی ٹی پی کو میسر سازگار ماحول، افغانستان کے اپنے بین الاقوامی وعدوں اور پاکستان کے ساتھ اس یقین دہانی کے منافی ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ افغان سرزمین کسی بھی ملک اور بالخصوص پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دی جائے گی۔

افغان حکومت سے انہوں نے مطالبہ کیا کہ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف کیے جانے والے دہشت گردی کے حملوں کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور ان کے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی عمل میں لائی جائے۔

ترجمان کے مطابق افغان طالبان  پر زور دیا گیا کہ وہ فوری، ٹھوس اور قابل تصدیق اقدامات کے ذریعے اپنی سرزمین سے سرگرم تمام دہشت گرد گروپس بشمول ان کی قیادت، کے خلاف کارروائی کرے اور پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کا استعمال روکے۔

انہوں نے کہا کہ افغان نائب ناظم الامور کو واضح کیا گیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع اور اپنے شہریوں کے تحفظ کا پورا حق محفوظ رکھتا ہے اور افغان سرزمین سے جنم لینے والی دہشت گردی کے جواب میں تمام ضروری اقدامات کرے گا۔

foreign office

afghan taliban

terrorist attacks

Pakistan Foreign Office

Demarche

Fitna Al Khawarij

Fitnah Al Khawarij

Fitna Al Hindustan

AfghanTaliban

Afghan Deputy Ambassador

Kharji Gul Bahadur Group

terrorist attacks against Pakistan

Afghan soil