کراچی میں سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کی مشترکہ کارروائی، دو دہشت گرد گرفتار

کارروائی خفیہ اطلاع پر ڈاکس مچھر کالونی کےعلاقے میں کی گئی، ایس ایس پی سی ٹی ڈی
شائع 01 نومبر 2025 06:53pm

کراچی میں سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کی مشترکہ کارروائی کے دوران مچھر کالونی سے ایس آر اے کے دو انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار کر لیے گئے، جن کے قبضے سے ہینڈ گرنیڈ اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے۔

ایس ایس پی سی ٹی ڈی عرفان بہادر کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع پر ڈاکس مچھر کالونی کے علاقے میں کی گئی، جس میں گرفتار دہشت گردوں کی شناخت سرمد علی رضا اور غنی اللہ عرف غنی امان چانڈیو کے نام سے ہوئی۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزمان ایس آر اے کے انتہائی مطلوب گروہ سے تعلق رکھتے ہیں۔

حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے اور طلبہ کو ایس آر اے میں بھرتی کرنے اور دہشت گردی کی ترغیب دینے میں ملوث تھے۔

ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں دہشت گردی، بارودی مواد اور حملوں کے مقدمات درج ہیں۔

مزید تحقیقات کے دوران ملزمان سے انکشافات متوقع ہیں، جبکہ انہیں مزید تفتیش کے لیے متعلقہ شعبہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

terrorism

karachi

CTD

counter terrorism

SRA

Law Enforcement

Terror Arrest

Bomb Recovery