Aaj News

شمالی وزیرستان: فتنہ الخوارج کی درندگی، بھتہ نہ دینے پر 6 افراد کو گاڑی میں جلا دیا

واقعہ شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں پیش آیا۔
شائع 22 اکتوبر 2025 06:30pm
تصاویر (سوشل میڈیا)
تصاویر (سوشل میڈیا)

شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج نے علاقے میں دہشت پھیلانے کے لیے سفاکیت کی انتہا کر دی، بھتہ نہ دینے پر ایک گاڑی پر فائرنگ کی اور پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔

یہ دلسوز واقعہ شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں پیش آیا، گاڑی میں سوار تمام چھ افراد زندہ جل کر جاں بحق ہوگئے۔

اطلاع ملتے ہی فوراً مقامی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور لاشوں کو تحویل میں لے کر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملہ انتہائی سفاکانہ انداز میں کیا گیا اور شعلے دور تک دکھائی دیے، جس سے علاقے کے رہائشی شدید خوفزدہ ہوگئے۔

AAJ News Whatsapp

مقامی لوگوں نے اس واردات کو ”فتنہ الخوارج“ کی درندگی قرار دیتے ہوئے حکومت اور سیکیورٹی اداروں سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ کیساجہاد ہے، درندگی سے معصوم افراد کو قتل کیا جا رہا ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

عوامی حلقوں نے مرکزی و مقامی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ علاقے میں تحفظ یقینی بنائیں اور مظلوم شہریوں کو تحفظ فراہم کر کے ان درندہ صفت عناصر کی شناخت کر کے قرار واقعی سزا دلائیں۔

North Waziristan

security forces

terrorism

miran shah

Tribal District