”انہوں نے تمہیں بھی پھینٹ ڈالا“: خواجہ آصف نے مودی کی فون کرتے ہوئے تصویر شیئر کردی
پاک افغان سرحد پر ٹینشن لیکن وزیردفاع خواجہ آصف شرارتی موڈ میں نظر آئے، افغان طالبان کی درگت کا بھارت کی درگت سے موازنہ کرتے ہوئے ٹویٹ میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی کسی کو فون کرتے ہوئے تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ”انہوں نے تمہیں بھی پھینٹ ڈالا“۔
افغان طالبان کے خلاف پاک فوج کی حالیہ کارروائی کے بعد وفاقی وزیردفاع خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پر دلچسپ اور طنزیہ انداز میں ردعمل دیا ہے۔
وزیردفاع نے اپنی ایک پوسٹ میں پاک فوج کی کارروائی پر تبصرہ کرتے ہوئے بھارت اور افغان طالبان کے حالات کا موازنہ کیا۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے طنز کیا، جس میں مودی فون پر بات کرتے نظر آرہے ہیں۔
خواجہ آصف نے اس تصویر کے ساتھ کیپشن لکھا کہ “انہوں نے تمہیں بھی پھینٹ ڈالا!”
جسے سیاسی و صحافتی حلقوں میں پاک فوج کی کارروائی اور بھارت کے طرزِ عمل پر طنز کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ایک اور ٹویٹ میں خواجہ آصف نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ حالات نے جو کروٹ لی ہے ( اس کےبعد ) 50 سال سے ہماری سرزمین پہ بیٹھے افغان مہاجرین کو وطن واپس جانا ہوگا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ہمیں اپنی معیشت کو افغان مہاجرین کے قبضے چھڑانا ہوگا، تندوروں سے لے کر ٹرانسپورٹ، ٹھیکیداری، ڈمپرمافیا،کنسٹرکشن وغیرہ یہ سارےشعبے ہماری معیشت کی بنیاد ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں جیسے سرحدیں ہوتی ہیں پاک افغان سرحد بھی ایسے ہی ہونی چاہیے، تاکہ کوئی بھی منہ اٹھا کہ اپنی مرضی سے سرحد عبور نہ کرسکے۔
خیال رہےکہ گزشتہ شب افغان طالبان کی جانب سے سرحد پار پاکستانی علاقوں پر شدید حملے کیے گئے جس کا پاکستانی فورسز نے منہ توڑ جواب دیا، افغان طالبان کی جانب سے یہ حملہ ایک ایسے وقت کیا گیا جب طالبان حکومت کے وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی بھارت کے سرکاری دورے پر ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افغان طالبان اور بھارت کی سرپرستی میں فتنہ الخوارج نے 11 اور 12 اکتوبر کی درمیانی شب حملہ کیا، بزدلانہ اقدام میں فائرنگ اور چند مقامات پر دراندازی کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج نے ناصرف حملے کو پسپا کیا بلکہ طالبان فورسز اور ان سے وابستہ خوارج کو سنگین جانی نقصان پہنچایا، حقِ دفاع کے تحت پاک فوج نے سرحدی پٹی پر مؤثر اور فیصلہ کن ردِعمل دیا اور افغان علاقے میں موجود طالبان کے کیمپس اور پوسٹس پر فائرنگ کی گئی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ جوابی کارروائیوں میں سرحدی پٹی پر متعدد طالبان مقامات تباہ کیے، افغان طالبان کی 21 پوزیشنز پر وقتی طور پر قبضہ کیا گیا، انٹیلی جنس معلومات اور نقصان کے تخمینے کے مطابق پاکستانی افواج کی کارروائیوں میں 200 سے زائد طالبان اور وابستہ دہشت گرد ہلاک ہوئے، بڑی تعداد میں طالبان اور وابستہ دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔
پاک فوج کا کہنا ہے کہ افغان طالبان اور اس کے حواری دہشت گردوں کی فائرنگ کے واقعات میں 23 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا جب کہ 29 زخمی ہوئے۔
Aaj English













اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔