Aaj News

ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے بعد پاک امریکا تعلقات میں مزید مضبوطی آئے گی: وزیراعظم

ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے، معیشت کی بہتری میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا کردار اہم ہے، شہباز شریف
شائع 28 ستمبر 2025 06:36pm

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے انتہائی مفید ملاقات ہوئی، اچھے ماحول میں ہونے والی اس میٹنگ سے پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں مزید مضبوطی آئے گی۔

اتوار کو برطانیہ میں سمندر پار پاکستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، اوورسیز پاکستانی ملک کا نام روشن کررہے ہیں، ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے، ملکی معیشت کی بہتری میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا کردار اہم ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ 2 سے 3 سال قبل پاکستان کی معیشت ہچکولے کھا رہی تھی، مشترکہ کاوشوں سے آج ہماری معیشیت مستحکم ہورہی ہے، معشیت کی ترقی کا وقت آچکا ہے، معاشی استحکام بہترین ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، ٹیم ورک کے بغیر کوئی کامیابی حاصل نہیں کی جا سکتی، عسکری، معاشی اور سفارتی محاذ پر پاکستان کو بڑی کامیابیاں ملیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان خارجی معاذ، عسکری اور معاشی میدان میں آگے بڑھ رہا ہے، پاکستان کی عزت اور توقیر میں اضافہ ہوا، ہم نے جنگ جیت کر دشمن کو شکست فاش دی، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کی شان و شوکت میں اضافہ کیا۔

انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سمندر پار پاکستانی اپنے اپنے دائرے میں ملک کی خدمت کر رہے ہیں، آپ لوگ پاکستان کے ایمبیسیڈرز ہیں۔

وزیراعظم کے بقول اقوام متحدہ کے اجلاس میں پاکستان کا مقدمہ بہترین انداز میں پیش کیا، غزہ اور کشمیر کے مقدمے کو دنیا کے سامنے بہترین انداز میں اجاگر کیا، غزہ میں 64 ہزار سے زائد بے گناہ فلسطینی بچوں، نوجوان، بزرگوں اور خواتین کو شہید کیا گیا، غزہ میں ظلم کا خاتمہ اور جلد امن قائم ہونا چاہیے، ایسا ظلم ہم نے پہلے کبھی نہیں دیکھا، دعا ہے غزہ میں جلد از جلد اس ظلم کا خاتمہ ہو۔

AAJ News Whatsapp

شہباز شریف نے مزید کہا کہ مسلم ممالک سربراہان کے ساتھ بھی غزہ کے مسئلے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے میٹنگ ہوئی تھی، امید ہے اس حوالے سے جلد حوصلہ افزا نتائج سامنے آئیں گے، پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں بہتری آئی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اقوام متحدہ کے اجلاس میں اپنی تقریر کے دوران 24 کروڑ پاکستانیوں کے جذبات کی عکاسی کی، کشمیر کا مقدمہ بھی اقوام متحدہ میں لڑا۔

اقوام متحدہ اجلاس میں پاکستان کا مقدمہ بہترین انداز میں پیش کیا، اسحاق ڈار

اس موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ غزہ کے حوالے سے صدر ٹرمپ کے ساتھ مسلم رہنماؤں کی ملاقات ہوئی، امید کرتے ہیں ملاقات کا نتیجہ مثبت نکلے گا، اقوام متحدہ کے اجلاس میں پاکستان کا مقدمہ بہترین انداز میں پیش کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ نوازشریف کے دور میں پاکستان 24 ویں بڑی معیشت تھا، ہماری حکومت نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، موجودہ کوششیں پاکستانی معیشت کو مزید بہتر کریں گی۔

Donald Trump

Ishaq Dar

pakistan economy

اسلام آباد

PM Shehbaz Sharif

President Donald Trump

Minister Ishaq Dar

Foreign Minister Ishaq Dar

Deputy PM Ishaq Dar