بنگلہ دیش کو شکست دے کر پاکستان ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گیا، ایک بار پھر پاک بھارت ٹاکرا ہوگا
ایشیا کپ ٹی 20 کے سپر فور مرحلے کے اہم ترین میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش 11 رنز شکست دے کر ٹورنامنٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی جب کہ 28 ستمبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل کھیلا جائے گا۔
دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے کے ڈو اینڈ ڈائی میچ میں بنگلہ دیش کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے، جس کے جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم 136 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز ہی بناسکی۔
پاکستان کی بیٹنگ
بنگلادیش کے خلاف پاکستانی ٹیم پہلے بیٹنگ کرنے اتری تو بیٹنگ لائن بری طرح لڑکھڑا گئی، ایک کے بعد دوسرا بلے باز پویلین کی طرف لوٹتا گیا، 49 کے اسکور پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔
بنگلا دیش کے خلاف پاکستان کی پہلی وکٹ 4 رنز پر گری، جب صاحبزادہ فرحان 4 چوکا لگانے کے بعد اگلی ہی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ وہ 4 گیندوں پر 4 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی دوسری وکٹ 5 رنز پر گری، جب صائم ایوب بھی 3 گیندوں پر بغیر کوئی رن بنائے کیچ آؤٹ ہوگئے، صائم ایشیا کپ 2025 میں چوتھی بار صفر پر پویلین لوٹے ہیں۔
پاکستان کی تیسری وکٹ 29 رنز پر گری، جب اونچا شاٹ کھیلنے کے چکر میں فخر زمان 20 گیندوں پر 13رنز بنا کر باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی تیسری وکٹ 29 رنز پر فخر زمان کی صورت میں گری، وہ بھی 13 رنز پر آؤٹ ہوگئے جب کہ 33 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو چوتھا نقصان اٹھانا پڑا جب حیسن طلعت صرف 7 گیندوں 3 رنز پر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔
پاکستان کی 5 ویں وکٹ 49 رنز پر گری، کپتان سلمان آغا ایک بار پھر ناکام ہو گئے اور 19 رنز بنا کر مستفیض الرحمان کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے اور اس طرح 49 سکور پر پاکستان کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔
پاکستان کو چھٹا نقصان 14ویں اوور میں 71 رنز پر ہوا، جب شاہین شاہ آفریدی بڑی ہٹ مارنے کی کوشش میں 13 گیندوں پر 2 چھکوں کی مدد سے 19 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
109 کے اسکور پر محمد حارث بھی ہمت ہار گئے اور 23 گیندوں پر 31 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان کے مجموعی اسکور میں صرف 11 رنز کے اضافے کے بعد 120 پر پاکستان کی آٹھویں وکٹ بھی گر گئی۔
محمد نواز نے 15 گیندوں پر 25 رنز بنائے، جس میں 2 چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔ اس کے علاوہ فہیم اشرف 14 اور حارث رؤف 3 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
یوں پاکستان کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 135 رنز بناسکی اور بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 136 رنز کا ہدف دیا۔
بنگلادیش کی جانب سے تسکین احمد نے 3، مہدی حسن اور رشاد حسین نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ مستفیض الرحمان ایک وکٹ لے سکے۔
بنگلہ دیش کی بیٹنگ
پاکستان کی جانب سے دیے گئے 136 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کا آغاز بالکل اچھا نہ تھا، ایک کے بعد ایک وکٹیں گرتی گئیں، 63 کے مجموعی اسکور پر آدھی بنگلادیشی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔
بنگلا دیش کی پہلی وکٹ صرف ایک رن پر گرگئی، پرویز حسین ایمون صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ بنگلا یش کی دوسری وکٹ 23 رنز پر گری، توحید ہریدوئے 5 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، دونوں بلے بازوں کو شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کیا۔
تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر سیف حسن تھے جو 18رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، اس وقت بنگلادیش کا اسکور 29 رنز تھا۔ جب بنگلادیش کا اسکور 44 ہوا تو مہدی حسن نے بھی پویلین کی راہ لی، انہوں نے 11 رنز بنائے۔
بنگلادیش کی پانچویں وکٹ 63 رنز پر گری، نور الحسن 16 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ بنگہ دیش کو چھٹا نقصان 73 کے اسکور پر اٹھانا پڑا، جاکر علی 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
اس کے علاوہ شمیم حسین عمدہ اننگز کھیل کر 30 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ تنظیم حسن ثاقب 10 اور تسکین احمد 4 رنز بنا کر چلتے بنے۔ رشاد حسین 16 اور مستفیض الرحمان 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، صائم ایوب نے 2 اور محمد نواز نے ایک وکٹ لی۔
یوں 136 ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بناسکتی اور پاکستان نے میچ 11 رنز سے جیت کر فائنل کی ٹکٹ کٹالی۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ سپر 4 کا آخری میچ کل بھارت اور سری لنکا کے درمیان ہوگا۔ سری لنکا پہلے ہی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکا ہے۔ ایشیا کپ کا فائنل اتوار کو پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔
میچ کا ٹاس
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے کا اہم ترین میچ دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے، جہاں بنگلہ دیش کے کپتان لٹن داس کی غیر موجودگی میں کپتانی کے فرائض انجام دینے والے جاکر علی میچ کا ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔
بنگلادیش کے خلاف میچ کے لیے قومی ٹیم کی جانب سے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور سری لنکا کے خلاف میدان میں اترنے والے پلینگ الیون کے ساتھ ہی کھیلنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بنگلا دیش کی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں، سیف الدین، ناسوم احمد اور تنزید ڈراپ کردیے گئے، ان کی جگہ مہدی حسن، تسکین احمد اور نور الحسن کی واپسی ہوئی ہے۔
ٹاس جیتنے کے بعد بنگلادیشی کپتان جاکر علی نے کہا کہ ہم چیمپئن شپ کے لیے کھیل رہے ہیں، ہماری ٹیم پہلے بولنگ کرتے ہوئے اچھا پرفارم کرتی ہے، کوئی بھی فائنل کھیلنا اچھا موقع ہوتا ہے۔
ٹاس کے وقت گفتگو کرتے ہوئے سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ ہم ٹاس جیت کر بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے، 150 رنز کا ہدف اچھا ہوگا، سری لنکا کے خلاف جیت کے تسلسل کو برقرار رکھیں گے اور پلان کے مطابق کھیلنے کی کوشش کریں گے۔
پاکستان کا اسکواڈ
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں سلمان علی آغا، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، فخر زمان، حسین طلعت، محمد نواز، محمد حارث، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، حارث روف اور ابرار احمد شامل ہیں۔
بنگلہ دیش کا اسکواڈ
بنگلہ دیش کی ٹیم میں سیف حسن، پرویز حسین ایمان، توحید ہریدوئے، شمیم حسین، جاکر علی (کپتان اور وکٹ کیپر)، نُور الحسن، رشاد حسین، مہدی حسن، تنزیم حسن ساکب، تسکین احمد اور مستفیض الرحمان شامل ہیں۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اب تک 25 ٹی 20 انٹر نیشنل میچز ہوئے ہیں، جن میں سے پاکستان نے 20 اور بنگلا دیش نے 5 جیتے ہیں۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے لیے دبئی میں ہونے والا یہ ’’ڈو اور ڈائی‘‘ میچ سیمی فائنل کی حیثیت اختیار کرگیا ہے، جو جیتے گا وہ فائنل کا ٹکٹ حاصل کرلے گا اور جو ہارے گا وہ گھر لوٹ جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے لیے فائنل تک رسائی کے لیے میچ جیتنا لازم ہے، دبئی کی پچ پہلے بیٹنگ کرنے والی سائیڈ کے لیے قدرے مشکل قرار دی جا رہی ہے۔
پاکستان کو فائنل کا دروازہ کھولنے کے لیے ہر صورت میں ٹائیگرز کو زیر کرنا ہوگا، فاتح ٹیم ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچنے والی دوسری ٹیم بن جائے گی جو اتوار کو بھارت کے ساتھ مقابلہ کرے گی جب کہ بھارت پہلے ہی ایشیا کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکا ہے۔
پاکستان نے سپر فور مرحلے میں بھارت سے پہلا میچ ہارنے کے بعد سری لنکا کو شکست دی تھی جب کہ بنگلہ دیش نے سری لنکا کو پہلا میچ میں شکست دی تھی، تاہم انہیں کل بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ البتہ سپر فور مرحلے کا آخری میچ کل بھارت اور سری لنکا کے درمیان ہوگا۔
Aaj English


















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔