Aaj News

باجوڑ اور بنوں میں پولیس اسٹیشنز پر حملے: فتنہ الخوارج پسپا، 4 اہلکار زخمی

پولیس نے بہادری سے مقابلہ کیا اور حملوں کو پسپا کر دیا، آئی جی ذوالفقار حمید
اپ ڈیٹ 03 جون 2025 09:25am
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

خیبر پختونخوا کے اضلاع باجوڑ اور بنوں میں گزشتہ رات دہشت گردوں اور شدت پسندوں کی جانب سے دو مختلف تھانوں پر حملے کیے گئے، جنہیں پولیس نے بروقت اور بہادری سے ناکام بنا دیا۔

انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کے مطابق ضلع باجوڑ میں تھانہ لوئی ماموند اور بنوں میں تھانہ میریان کو فتنۂ الخوارج نے نشانہ بنایا۔ دونوں مقامات پر پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں دہشت گرد پسپا ہو گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ لوئی ماموند پر رات گئے ہونے والے حملے میں ایس ایچ او فضلی رحمان سمیت چار اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں شاکر، طورسم اور محمد حسن شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر ہیڈکوارٹر خار اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ضلع بنوں کے تھانہ میریان پر بھی رات گئے شدت پسندوں کی جانب سے حملہ کیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس نے بروقت جوابی کارروائی سے حملہ ناکام بنادیا۔

پولیس اور شدت پسندوں کے درمیان تقریباً 50 منٹ تک شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، جبکہ اطلاع ملتے ہی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔

آئی جی خیبر پختونخوا نے ان حملوں کو ناکام بنانے والے اہلکاروں کی بہادری کو سراہتے ہوئے جوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے انعامات کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس دہشت گردوں کا پیچھا جاری رکھے ہوئے ہے اور جلد ان کے سہولت کاروں تک بھی پہنچا جائے گا۔

KPK

Bannu

police

terrorists

Bajaur

Attacks

Fitnah Al Khawarij