اپ ڈیٹ 06 فروری 2026 05:45pm

اسلام آباد: نمازِ جمعہ کے دوران امام بارگاہ میں خودکش دھماکا، 31 افراد جاں بحق، 160 سے زائد زخمی

اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں نمازِ جمعہ کے دوران امام بارگاہ میں ہونے والے خودکش دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 31 ہوگئی جبکہ 169 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق خودکش دھماکے میں اب تک 31 افراد جاں جب کہ 169 زخمی ہوچکے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق ترلائی میں نماز جمعہ کے دوران خودکش حملہ آور نے امام بارگاہ میں داخل ہونے کی کوشش کی جسے وہاں موجود افراد نے روکا جس پر اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

دھماکے کے بعد پولیس، ریسکیو ٹیمیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور بم اسکواڈ کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہے۔ دھماکے مقام کو سیل کردیا گیا ہے جب کہ ترلائی جانے والے راستے ٹریفک کے لیے بند کردئیے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو پمز اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ آئی جی اسلام آباد کی ہدایت پر شہر بھر میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایک عینی شاہد نے اس حوالے سے بتایا کہ دھماکے سے قبل فائرنگ ہوئی تھی جس کے فوراً بعد دھماکا ہوگیا۔

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے وزیر مملکت طلال چوہدری کو پمز اسپتال پہنچنے کی ہدایت کی جس کے بعد انہوں نے دھماکے میں زخمی ہونے والے زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کی۔

ذرائع کے مطابق طلال چوہدری نے دھماکے کے زخمیوں کے لیے خصوصی طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ترلائی میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے میں شہادتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ترلائی میں پیش آنے والے دھماکے کی سخت مذمت کرتے ہوئے شہداء کے بلند درجات اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ وزیراعظم نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کے حوالے سے وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی، جس میں سیکیورٹی صورت حال اور واقعے کی تفصیلات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی ہدایت دیتے ہوئے ذمہ داران کے فوری تعین کا حکم دیا اور ملک میں شرپسندی اوربدامنی پھیلانے کی ہر گز کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔

صدرآصف علی زرداری نے بھی ترلائی خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے شہادتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

صدرزرداری نے کہا کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا انسانیت کے خلاف جرم ہے، قوم مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اسلام آباد میں خود کش دھماکے پر اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ امام بار گاہ میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں، ہم متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کرتے ہیں، اللّٰہ تعالی شہداکو جنت میں بلند درجہ اور لواحقین کو صبر عطا فرما۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اب وقت ہے کہ ہر دہشت گرد جہاں بھی ہو واصل جہنم ہو، ہمارے قومی ادارے عوامی تعاون سے اس جنگ میں کامیاب ہوں گے۔

Read Comments