ایران کا اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی کا آغاز، بیلسٹک میزائل داغ دیے

ایران نے اسرائیل پر 30 میزائلوں سے حملہ کیا
شائع 28 فروری 2026 01:43pm

ایران کی جانب سے اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی کا آغاز کردیا گیا، ایران نے آپریشن کا نام فتح خیبر رکھا ہے۔

خبر رساں ادارے ایسو سی ایٹڈ پریس کے کے مطابق  اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے بیلسٹک میزائل داغ دیے گئے ہیں، اسرائیلی ایئرفورس میزائل کو گرانے کی کوشش کررہی ہے،ایرانی میزائلوں کو روکنے کیلئے دفاعی نظام فعال کردیا ہے، نیویارک ٹائمز کے مطابق شمالی اسرائیل اور حیفہ شہرمیں مسلسل سائرن بج رہے ہیں۔

اسرائیلی حکام نے ملک بھر میں وارننگ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر شیلٹرز یا محفوظ مقامات پر چلے جائیں اور اگلے احکامات تک وہیں قیام کریں۔ ہنگامی سائرن بجائے گئے اور شہری دفاع کے اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔

فوجی بیان میں کہا گیا ہے کہ فضائی دفاعی نظام مکمل طور پر متحرک ہے اور حملے کو ناکام بنانے کی کوشش جاری ہے۔ حکام کے مطابق فی الحال کسی جانی یا مالی نقصان کی فوری اطلاعات موصول نہیں ہوئیں، تاہم صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے اور جائزہ لیا جا رہا ہے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید اقدامات کیے جائیں گے۔ دوسری جانب ایران کی جانب سے اس حملے کے حوالے سے فوری طور پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نتین یاہو نےایران کےخلاف امریکا اسرائیل مشترکہ کارروائی کا اعلان کردیا ہے،کہا امریکا اوراسرائیل نے ایران سے لاحق خطرات ختم کرنے کیلئے آپریشن شروع کردیا،ایران کو جوہری طاقت حاصل کرنے نہیں دیا جائے گا،یہ آپریشن ایرانی عوام کو اپنے فیصلے خود کرنے کا موقع دے گا۔