نیوزی لینڈ کی جیت کے بعد سیمی فائنل میں جانے کیلئے پاکستان کے پاس آخری راستہ کیا ہے؟
آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے سپر 8 مرحلے کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 61 رنز سے شکست دے دی، جس کے بعد پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا راستہ تقریباً بند ہوچکا ہے۔
کولمبو میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ میں سپر 8 مرحلے کے گروپ ٹو کے میچ سری لنکا کی دعوت پر نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 168 رنز بنائے جب کہ کیویز کی جانب سے مچل سینٹنر 47 اور میکونچی 31 رنز بناکر نمایاں رہے۔
169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 107 رنز بناسکی اور یوں نیوزی لینڈ نے 61 رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔
سپر ایٹ مرحلے میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ سے مسلسل دو شکستوں کے بعد سری لنکن ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی اور ساتھ ہی پاکستان کا سیمی فائنل میں پہنچنا مزید مشکل ہوگیا۔
سری لنکا کے خلاف فتح کے بعد نیوزی لینڈ کا رن ریٹ پلس 3.05 ہوگیا ہے جب کہ پاکستان کا رن ریٹ مائنس 0.46 ہے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم گروپ ٹو میں اپنا آخری میچ جمعے کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی جب کہ پاکستان اپنا آخری میچ ہفتے کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گا، نیوزی لینڈ ٹیم انگلینڈ سے میچ ہاری تو پاکستان کا کچھ چانس باقی رہے گا۔
انگلینڈ کے ہاتھوں نیوزی لینڈ کی شکست کے بعد بھی پاکستان کو سری لنکا سے بڑے مارجن سے میچ جیتنا ہوگا، اگر نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو شکست دے دی تو پاکستان ٹیم سری لنکا کے میچ سے قبل ہی سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوجائے گی۔
واضح رہے کہ اس گروپ سے انگلینڈ کی ٹیم پہلے ہی میگا ایونٹ کے سیمی فائنل میں کوالیفائی کر چکی ہے۔














