انگلینڈ کے خلاف آغا الیون: فخر اِن، شاہین متوقع اسکواڈ سے باہر

پاکستان کو ’اگر مگر‘ کی صورتِ حال سے بچنے کے لیے اس میچ میں لازمی فتح درکار ہے۔
اپ ڈیٹ 24 فروری 2026 04:03pm

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے انتہائی اہم میچ میں پاکستان آج انگلینڈ سے ٹکرائے گا۔ پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے ’اگر مگر‘ کی صورتِ حال سے بچنے کے لیے اس میچ میں لازمی فتح درکار ہے۔ انگش ٹیم اسی گراؤنڈ پر مسلسل چار میچ جیت چکی ہے، جب کہ پاکستان اس ایونٹ میں آج کولمبو سے باہر پہلا میچ کھیلے گا۔

سری لنکا کے پالے کیلے اسٹیڈیم میں پاکستان اور انگلینڈ کا ٹاکرا آج شام ساڑھے 6 بجے ہوگا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سپر ایٹ کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا، جس کے بعد پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں اس میچ سے مشروط ہوگئی ہیں۔

کِرک انفو کے مطابق میچ نئی پچ پر کھیلا جائے گا جو بیٹنگ کے لیے سازگار ہونے کی توقع ہے۔ موسم صاف اور درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

پالی کیلے اسٹیڈیم پر انگلینڈ کو ہوم گراؤنڈ جیسا تصور کیا جارہا ہے کیوں کہ انگلش ٹیم گزشتہ ایک ماہ میں اس گراؤنڈ پر چاروں میچ میں کامیابی کے علاوہ سری لنکا کے خلاف سیریز بھی اپنے نام کر چکی ہے۔ دوسری جانب پاکستانی ٹیم ایونٹ میں پہلی بار کولمبو سے باہر میچ کھیل رہی ہے۔

انگلش ٹیم کی جانب سے آج ٹیم میں کسی تبدیلی کے نہ ہونے کا امکان ہے۔ ممکنہ پلیئنگ الیون میں فِل سالٹ، جوز بٹلر، جیکب بیتھل، ٹام بینٹن، ہیری بروک (کپتان)، سیم کرن، وِل جیکس، لائم ڈاسن، جیمی اوورٹن، جوفرا آرچر اور عادل رشید شامل ہوں گے۔

انگلینڈ کی بولنگ لائن اَپ میں عادل رشید، لائم ڈاسن، وِل جیکس اور جیکب بیتھل کی صورت میں چار اسپن آپشنز موجود ہیں۔

گزشتہ میچ میں سری لنکن بولنگ نے انگلش بیٹرز کو خاصا پریشان کیا تھا۔ انگلینڈ نے سری لنکا کو 51 رنز سے شکست دی تاہم یہ کامیابی بڑی حد تک سری لنکن بیٹنگ لائن کی ناقص کارکردگی کا نتیجہ تھی۔

انگلینڈ نے 9 وکٹوں پر 146 رنز بنائے تھے، جس میں فل سالٹ کی نصف سنچری کے سوا کوئی نمایاں اننگز شامل نہیں تھی۔

انگلینڈ کے لائم ڈاسن کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں اسپن کے خلاف کھیلنے کا تجربہ ان کے کام آئے گا اور ٹیم بیٹنگ کے شعبے میں مزید بہتر کارکردگی دکھا سکتی ہے۔

پاکستان کے اوپننگ بیٹر صاحبزادہ فرحان نے کہا ہے کہ انگلینڈ کو سری لنکا کے خلاف اسپنرز کو کھیلنے میں مشکلات کا سامنا رہا تھا۔ پاکستان کے پاس نواز، صائم، ابرار، عثمان اور شاداب جیسے باصلاحیت اسپنرز موجود ہیں جو انگلینڈ کو ٹف ٹائم دے سکتے ہیں۔

گرین شرٹس میں آج سلمان مرزا اور فخر زمان کے ایکشن میں نظر آنے کا امکان ہے۔ فخر زمان کو خواجہ نافع جب کہ سلمان مرزا کو شاہین آفریدی کی کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں بارش کے باعث پاکستان کو میدان میں اترنے کا موقع نہیں ملا، تاہم امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف وہی پلیئنگ الیون برقرار رکھی جائے گی۔

انگلش ٹیم کے خلاف آج متوقع پلیئنگ الیون صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان علی آغا (کپتان)، بابر اعظم، فخر زمان، شاداب خان، عثمان خان، محمد نواز، فہیم اشرف، سلمان مرزا اور عثمان طارق پر مشتمل ہوگی۔

سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی اس اہم میچ سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنی ممکنہ پلیئنگ الیون شیئر کی ہے۔

اپنے پیغام میں شاہد آفریدی کہ آج انگلینڈ کے خلاف اہم میچ ہے اور مکمل عزم کے ساتھ کھیلیں گے تو کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف انگلینڈ کا پلڑا بھاری ہے، انگلش ٹیم نے گرین شرٹس کو تینوں میچ میں شکست دی ہے۔

پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں انگلش ٹیم کو آخری دفعہ چار سال قبل شکست دی تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے گزشتہ پانچ ٹی 20 انٹرنیشنل میں بھی انگلینڈ نے فتح سمیٹی تھی۔

سپر ایٹ مرحلے یہ دونوں ٹیموں کا دوسرا میچ ہے اور آج کا میچ دونوں ٹیموں کے لیے نہایت اہم ہے، جہاں انگلینڈ اپنی جیت کی روایت برقرار رکھنے جب کہ پاکستان سیمی فائنل کی دوڑ میں رہنے کے لیے میدان میں اترے گا۔