ٹی 20 ورلڈ کپ سپر 8 مرحلے کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان، کیا پاکستانی امپائز بھی شامل ہیں؟

ایونٹ کے دوسرے مرحلے کا 21 فروری سے آغاز ہوگا، تجربہ کار امپائرز اور میچ ریفریز ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
شائع 20 فروری 2026 10:24pm

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے کے لیے میچ آفیشلز کے ناموں کا اعلان کردیا گیا ہے، جس میں پاکستان کے امپائرز بھی شامل ہیں۔ ایونٹ کا دوسرا مرحلہ 21 فروری سے شروع ہوگا، جس میں تجربہ کار امپائرز اور میچ ریفریز ذمہ داریاں انجام دیں گے۔

آئی سی سی نے ٹی ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے کے لیے 16 امپائرز کو شامل کیا ہے، جو ایمریٹس آئی سی سی ایلیٹ پینل آف امپائرز اور آئی سی سی ایمرجنگ امپائرز گروپ کا حصہ ہیں جب کہ 4 ایمریٹس آئی سی سی ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز بھی اپنی خدمات انجام دیں گے۔

کولمبو میں 21 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے سپر ایٹ کے افتتاحی میچ میں روڈنی ٹکر اور پال ریفل آن فیلڈ امپائرز ہوں گے جب کہ اللہ الدین پالیکر ٹی وی امپائر اور سیم نوگاسکی چوتھے امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔

28 فروری کو کینڈی میں سری لنکا اور پاکستان کے میچ میں بھی روڈنی ٹکر آن فیلڈ امپائر ہوں گے، ان کے ساتھ سیم نوگاسکی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ 24 فروری کو انگلینڈ اور پاکستان کے میچ میں نوگاسکی اور نتن مینن آن فیلڈ امپائر ہوں گے۔

ایڈریان ہولڈ اسٹاک سری لنکا میں آفیشلز ٹیم کا حصہ ہوں گے اور وہ 22 فروری کو سری لنکا اور انگلینڈ جب کہ 27 فروری کو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے میچ میں فرائض انجام دیں گے۔ 25 فروری کو کولمبو میں سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے میچ میں اللہ الدین پالیکر اور آصف یعقوب آن فیلڈ امپائرز ہوں گے۔

گروپ ون کا آغاز بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان احمد آباد میں ہونے والے میچ سے ہوگا جو 2024 کے فائنل کا اعادہ ہے۔ اس میچ میں کرس گیفنی اور رچرڈ کیٹلبرو آن فیلڈ امپائرز ہوں گے جب کہ الیکس وارف ٹی وی امپائر اور کرس براؤن چوتھے امپائر ہوں گے۔

یکم مارچ کو کولکتہ میں بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سپر ایٹ کے آخری میچ میں کرس گیفنی اور الیکس وارف ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ 26 فروری کو بھارت اور زمبابوے کے میچ میں ایلکس وارف اور رچرڈ کیٹلبرو آن فیلڈ امپائر ہوں گے۔

سری لنکا کے کمار دھرماسینا جو بطور کھلاڑی 1996 کا ون ڈے ورلڈ کپ جیت چکے ہیں، آسٹریلیا اور عمان کے درمیان گروپ میچ میں اپنے 50 ویں ٹی20 انٹرنیشنل میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ وہ 26 فروری کو ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا جب کہ یکم مارچ کو جنوبی افریقا اور زمبابوے کے میچ میں بھی امپائرنگ کریں گے۔

زمبابوے نے اس ورلڈ کپ میں سری لنکا اور آسٹریلیا کو شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے میں جگہ بنائی۔ 23 فروری کو ممبئی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ان کے میچ میں رچرڈ ایلنگ ورتھ اور جے ارامن مدانا گوپال آن فیلڈ امپائرز ہوں گے۔

سپر ایٹ مرحلے کے لیے مقرر میچ ریفریز میں رنجن مدوگالے، اینڈریو پائیکرافٹ، رچی رچرڈسن اور جاوگل سری ناتھ شامل ہیں جب کہ امپائرز کی فہرست میں روڈنی ٹکر، پال ریفل، اللہ الدین پالیکر، سیم نوگاسکی، نتن مینن، ایڈریان ہولڈ اسٹاک، احسن رضا، آصف یعقوب، رچرڈ کیٹلبرو، کرس گیفنی، الیکس وارف، کرس براؤن، رچرڈ ایلنگ ورتھ، جےارامن مداناگوپال، شاہد ساکت اور کمار دھرماسینا شامل ہیں۔