ٹی 20 ورلڈکپ: قومی ٹیم کو بھارت کے خلاف میدان میں اترنے کی اجازت مل گئی

آئی سی سی کے بعد سری لنکن صدر اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی بھی پاکستان سے بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی درخواست
اپ ڈیٹ 09 فروری 2026 11:27pm

شائقینِ کرکٹ اب 15 فروری کو دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا ٹاکرا دیکھ سکیں گے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)، سری لنکن صدر اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی درخواست کے بعد حکومِت پاکستان نے باضابطہ طور قومی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف شیڈول میچ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔

حکومتِ پاکستان نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے قومی ٹیم کو کولمبو میں 15 فروری کو شیڈول میچ کھیلنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

حکومتِ پاکستان کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے پی سی بی، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے درمیان ہونے والے اعلیٰ سطح مذاکرات کے نتائج پر تفصیلی بریفنگ دی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومتِ پاکستان نے اس معاملے پر بنگلہ دیش کرکٹ کی درخواست کے علاوہ سری لنکا، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک کی جانب سے کیے گئے رابطوں کا جائزہ لیا۔ جس میں حالیہ مسائل کے حل کے لیے پاکستان کے قائدانہ کردار کی درخواست کی گئی تھی۔

حکومت نے بی سی بی کے صدر امین الاسلام کی جانب پاکستان کے ساتھ اظہارِ تشکر کو سراہتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان بنگلا دیش کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پیر کی شام سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور دونوں رہنماؤں کی دوستانہ ماحول میں گفتگو ہوئی۔

سری لنکن صدر نے موجودہ صورت حال کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لیے وزیراعظم سے اس معاملے پر سنجیدہ غور و فکر کی درخواست کی۔

بیان کے مطابق حکومتِ پاکستان نے کثیر ملکی مذاکرات کے نتائج اور دوست ممالک کی درخواستوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ وہ 15 فروری کو آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اپنے شیڈول میچ میں میدان میں اترے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ کرکٹ کی روح کے تحفظ اور کھیل کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ تمام شریک ممالک میں کرکٹ کا فروغ جاری رہے۔

بیان میں وزیراعظم اور پاکستانی قوم کی جانب سے گرین شرٹس کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی گئی ہے کہ قومی ٹیم بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ میدان میں اتر کر ایونٹ میں فتح یاب ہر کر لوٹے گی۔

اس سے قبل بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے بھی پاکستان سے بھارت کے خلاف میچ کھیلنےکی درخواست کی تھی۔

بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں اس مشکل صورت حال میں ساتھ دینے پر چیئرمین پی سی بی، کرکٹ بورڈ اور پاکستانی کرکٹ شائقین کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا۔

بی سی بی کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں درخواست کی گئی ہے کہ پاکستان کو بھارت کے خلاف 15 فروری کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا شیڈول میچ کھیلنا چاہئیے۔ بی سی بی کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ عالمی کرکٹ نظام کے مفاد میں ہوگا۔

بی سی بی کے صدر امین الاسلام نے پاکستان کی بھرپور حمایت کو برادرانہ تعلقات کی مثال قرار دیا ہے۔

قبلِ ازیں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے لاہور میں تقریب کے دوران اس فیصلے سے متعلق عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ آئی سی سی اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے درمیان بات چیت جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ مہمان کی عزت کرنا سیکھا ہے اور جب کوئی خود چل کر گھر آجائے تو بہت سی باتیں بھلا دی جاتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے پر کچھ دوست ممالک بھی رابطے میں ہیں، ہم نے انہیں اپنے مؤقف سے آگاہ کردیا ہے، جلد ہی سب کچھ واضح ہوجائے گا۔