اسلام آباد دھماکے کے ماسٹر مائنڈ افغان شہری، سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا: محسن نقوی
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں خود کش حملے کا ماسٹر مائنڈ افغان شہری ہے جسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاؤنٹر ٹیرراِزم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے واقعے میں ملوث تمام افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی زیرِ صدات سیف سٹی اسلام آباد میں اہم اجلاس ہوا جس میں ترلائی خود کش حملے کے بعد کی صورتحال سمیت سکیورٹی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ اس حملے کے ماسٹر مائنڈ کا تعلق کالعدم داعش سے ہے اور سی ٹی ڈی نے ماسٹر مائنڈ سمیت واقعے میں ملوث تمام سہولت کاروں کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چھاپوں کے دوران ایک پولیس اہلکار شہید اور کچھ زخمی بھی ہوئے ہیں۔
وفاقی وزیرِ داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی 21 بین الاقوامی تنظیمیں افغانستان سے کام کررہی ہیں، اسلام آباد حملے کی منصوبہ بندی اور اسکے لیے تربیت بھی افغانستان میں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت روایتی طریقے سے پاکستان سے جنگ نہیں جیت سکتا، اسی لیے اب وہ پراکسیز کا سہارا لے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت کمیونٹی انٹیلی جینس کا مؤثر ہونا ضروری ہے۔ بھارت کی جانب سے دہشت گردوں کو فنڈنگ کی جارہی ہے جو ڈالرز میں کی جاتی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ ہم اس وقت حالتِ جنگ میں ہیں اور ہمیں عوام کاتعاون درکارہے اسی سے دہشت گردی میں کمی آئےگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری سیکیورٹی ایجنسیز دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس بار بلوچستان میں جتنے حملے ہوئے، اس میں کوئی دہشت گرد بچ کر واپس نہیں گیا۔ کالعدم ٹی ٹی پی، افغان طالبان اور کالعدم داعش مل کر کام کررہے ہیں، یہ دہشت گردی اب علاقائی خطرہ بنتا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت جنگ ہارنے کے بعد یہ سب کچھ کر رہا ہے، ہمیں یہ معاملہ دنیا کے ہر فورم پر اٹھانا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی واقعے کے بعد بھارتی میڈیا پر بی ایل اے کا مواد چل رہا ہوتا ہے۔ ہمارے سفارت کار دنیا کو بھارت کی اس دہشت گردی سے بھی آگاہ کریں گے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ بھارت کا بجٹ ہم سے کتنا زیادہ ہی کیوں نہ ہو، ہم یہ جنگ جیتیں گے اور سفارت کاری کے ذریعے بھی بھارت کو بھرپور جواب دیں گے۔













