ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان اور آئرلینڈ کے پریکٹس میچ کا کیا نتیجہ آیا؟
پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کا پریکٹس میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا ہے۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے آغاز میں صرف تین دن رہ گئے ہیں، میگا ایونٹ سے قبل ٹیموں کی پریکٹس میچ سے تیاریاں جاری ہیں۔
سری لنکا کے شہر کولمبو میں آج صبح سے ہی ہونے والی تیز بارش کے باعث پاکستان اور آئرلینڈ کا پریکٹس میچ منسوخ کردیا گیا ہے جب کہ گراؤنڈ گیلا ہونے کے باعث ٹاس بھی ممکن نہیں ہوسکا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ 7 فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گی۔
دوسری جانب افغانستان نے پریکٹس میچ میں ویسٹ انڈیز کو باآسانی 23 رنز سے شکست دے دی ہے، افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے، ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بناسکی۔
دوسرے پریکٹس میچ میں نمیبیا نے اسکاٹ لینڈ کو 6 رنز سے شکست دی۔ نمیبیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 226 رنز بنائے، 227 رنز کے تعاقب میں اسکاٹ لینڈ کی ٹیم 5 وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز بناسکی۔















