امریکا نے ایران پر حملہ کیا تو پورے خطے میں جنگ ہوگی: ایرانی سپریم لیڈر

ایرانی قوم لڑاکا طیاروں اور بحری جہازوں کی دھمکیوں سے نہیں ڈرتی ہے: آیت اللہ خامنہ ای کا تہران میں تقریب سے خطاب
شائع 01 فروری 2026 07:02pm

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایرانی قوم لڑاکا طیاروں اور بحری جہازوں کی دھمکیوں سے نہیں ڈرتی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر امریکا نے ایران پر حملہ کیا تو پھر جنگ صرف ایران تک محدود نہیں رہے گی بلکہ پورے خطے میں پھیل جائے گی۔

ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی تسنیم کے مطابق سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ‌ ای نے تہران میں خطاب کرتے ہوئے امریکی دھمکیوں کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ جو بھی ایران پر حملہ یا نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا اسے فیصلہ کُن جواب دیا جائے گا۔

سپریم لیڈر نے اتوار کو ایرانی انقلاب کی 47 ویں سالگرہ کی تقریبات کے آغاز کے موقع پر مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا کو معلوم ہونا چاہیے کہ اگر وہ اس بار جنگ شروع کرے گا تو یہ علاقائی جنگ ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ امریکا ایران کے وسائل اور اس کی جغرافیائی اہمیت کی وجہ سے ملک پر قابض ہونا چاہتا ہے اور ایرانی قوم نے واضح کیا ہے کہ وہ ایسا نہیں ہونے نہیں دے گی۔ امریکا کی ایران سے دشمنی کی اصل وجہ یہی ہے۔

ایران کے سپریم لیڈر نے امریکی دھمکیوں اور فوجی تعیناتی کو روایتی دھمکی قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا کی جنگ کی دھمکیاں نئی نہیں ہیں، ایرانی قوم پر ان دھمکیوں کا کوئی اثر نہیں پڑتا، یہ ایسی باتیں کرکے ایرانی قوم کو ڈرانا چھوڑ دیں۔

آیت اللہ خامنہ ای نے ایران میں دسمبر کے آخر میں ہونے والے مظاہروں پر ردِعمل دیتے ہوئے اسے امریکا اور اسرائیل کی سازش قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ان مظاہروں کے سرغنہ کئی افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور وہ مالی مدد اور حملوں کی تربیت دی گئی تھی تاہم مظاہروں میں دیگر جذباتی نوجوان بھی شامل تھے، ہمیں ان سے کوئی خاص مسئلہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ انتخابی مہم کے دوران داعش کی تشکیل میں امریکا کے ملوث ہونے کے اعتراف کیا تھا۔ حالیہ مظاہروں میں امریکا نے داعش سے مشابہت رکھنے والا ایک گروہ تشکیل دیا۔ ان فسادیوں نے اسی سفاکیت سے لوگوں کو قتل کیا جو سراسر ظلم تھا۔

آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے خطاب میں یکم فروری کو تاریخی دن اور نئے نظام کی بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی انقلاب نے آمرانہ حکومت کو عوامی اقتدار میں تبدیل کیا اور پہلوی دور کے سیکولر نظام کو اسلامی نظام میں ڈھالا، جس سے امریکا کی ناراضگی اور دشمنی نے جنم لیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کون سوچ سکتا تھا کہ ایک دن ایرانی قوم ایسا مقام حاصل کرے گی کہ امریکی اس کی تیار کردہ ڈرون جیسی ٹیکنالوجی کی نقل کریں گے۔ یہ سب امید، اعتماد اور کوشش کا نتیجہ ہے جو امام خمینی نے قوم میں پیدا کی۔