سعودی حدود کو ایران کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے: محمد بن سلمان
سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فون پر گفتگو میں واضح کہا ہے کہ وہ اپنی سرزمین یا فضائی حدود کو ایران کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی کے لیے استعمال ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے منگل وک ایرانی صدر سے گفتگو میں ایران کی خودمختاری کا احترام کرنے کے اپنے موقف کو دھرایا اور کہا کہ ان کا ملک علاقائی تنازعات کو مذاکرات اور گفت و شنید کے ذریعے حل کرنے کی حمایت کرتا ہے، تاکہ خطے میں سلامتی اور استحکام قائم رہے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی یہ بات چیت مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر ہوئی ہے، جہاں امریکا کی جانب سے ایران پر حملے کے لیے تیاریوں کی خبریں سامنے آئی ہیں۔
سعودی عرب نے اس موقع پر زور دیا کہ وہ کسی بھی فریق کو اپنی فضائی حدود یا سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا، چاہے وہ کوئی بھی ملک یا اتحادی ہو۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بھی سعودی موقف پر تشکر کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ خطے میں جنگ سے بچاؤ اور امن کے قیام کے کسی بھی بین الاقوامی قانونی عمل کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
انہوں نے مسلم ممالک کے اتحاد اور تعاون کی اہمیت پر بھی بات کی اور کہا کہ متحدہ طور پر ہی خطے میں ترقی اور امن ممکن ہے۔
ایرانی صدر نے امریکا اور اسرائیل پر اقتصادی دباؤ اور تنازع کو ہوا دینے کے الزامات عائد کیے اور کہا کہ ایسے اقدامات خطے میں عدم استحکام پیدا کر رہے ہیں، مگر ایرانی عوام نے ایسی کوششوں کو مسترد کیا ہے۔













