پاکستان میں بارش برسانے والا طاقتور سسٹم کب داخل ہوگا؟ محکمہ موسمیات نے بتادیا

نئے سسٹم کے تحت بلوچستان، گلگت بلتستان، کشمیر اور خیبر پختونخوا میں بارش اور برف باری متوقع ہے۔
شائع 25 جنوری 2026 09:38pm

پاکستان بھر میں شدید سردی کی لہر جاری ہے، ملک میں برفباری اور بارش برسانے والا نیا طاقتور سسٹم آج داخل ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک اور سلسلہ آج ملک میں داخل ہو گا، جس سے آج رات سے بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہو گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ نئے سسٹم کے تحت بلوچستان، گلگت بلتستان، کشمیر اور خیبر پختونخوا میں بارش اور برف باری متوقع ہے۔

اس کے علاوہ مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں بھی بارش اوربرفباری ہو سکتی ہے جب کہ 25 سے 26 جنوری کے دوران سندھ کے کئی علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔

دوسری طرف بلوچستان میں آج رات سے 27 جنوری تک مزید بارش اور برف باری کا امکان ظاہر کردیا گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 27 جنوری تک مختلف علاقوں میں بارش اوربرفباری متوقع ہے۔

کوئٹہ، گوادر، جیوانی، پسنی، اورماڑہ، خضدار، کیچ، تربت، چاغی، تفتان، نوکنڈی، دالبندین، پنجگور، قلات، واشک، سوراب، ژوب، مستونگ، خاران، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، لورالائی، موسیٰ خیل، آواران میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ معتدل بارش کا امکان ہے۔

اس طرح جیوانی، پسنی، خضدار، آواران، چاغی، پنجگور اور کیچ میں بعض مقامات پر شدید بارش ہو سکتی ہے اور کچھی، سبی، زیارت، ہرنائی، دکی، لورالائی اور لسبیلہ میں ہلکی بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ زیارت، چمن، پشین، ہرمازئی، خانوزئی، کان مہترزئی میں برفباری کا امکان ہے جب کہ مسلم باغ، لوئی بند، قلعہ عبداللہ، گلستان اور دوبندی میں ہلکی سے معتدل برفباری اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔

شدید بارش کے باعث گوادر، جیوانی، پسنی، آواران، چاغی اور کیچ میں شہری ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے، جس کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے مقامی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ضروری حفاظتی اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔

Met Office

Heavy rain

snowfall

rainy weather

Rain prediction

Heavy Snowfall

Rain in Pakistan