لاہور کے ہوٹل میں آتشزدگی: دو افراد جاں بحق، 275 افراد کو بچا لیا گیا
لاہور کے علاقے گلبرگ کے مقامی ہوٹل میں اچانک آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ حادثے میں پانچ افراد جھلس کر زخمی ہو گئے جبکہ 275 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا۔
انتظامیہ نے 2 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے، جاں بحق افراد میں 30 سالہ عمران، 25 سالہ شہر یار شامل ہیں، جب کہ آتشزدگی کے باعث 6 افراد جھلس گئے۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق شدید متاثرہ ایریا سے سات افراد کو ریسکیو کیا گیا۔ واقعے میں چھ افراد زخمی ہوئے۔ ہوٹل کا ایک ملازم ریاض تاحال لاپتا ہے جس کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ آتشزدگی کے بعد ہوٹل سے مجموعی طور پر 275 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔
ریسکیو کنٹرول سینٹر کو آگ لگنے کی اطلاع دوپہر 12 بج کر 25 منٹ پر موصول ہوئی، جس کے بعد ریسکیو 1122 کی 21 ایمرجنسی گاڑیاں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق گلبرگ میں ہوٹل میں لگی آگ پرقابو پا لیا گیا، عمارت میں کولنگ کا عمل جاری ہے۔
متاثرہ عمارت چار کنال رقبے پر مشتمل 19 منزلہ پلازہ ہے، جس میں تین بیسمنٹ قائم ہیں۔ آتشزدگی کے باعث پلازے کا بیسمنٹ ون شدید متاثر ہوا ہے۔
آتشزدگی کے وقت ہوٹل میں ایک نجی اکیڈمی کی تقریب جاری تھی، جس کے باعث عمارت میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
ریسکیو ٹیمیں تاحال ہوٹل کے اندر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں، جبکہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات بھی جاری ہیں۔














