ٹی 20 ورلڈ کپ وینیو تنازع: بنگلہ دیش کا آئی سی سی پر دوہرے معیار کا الزام

کرکٹ چلانے والوں کو ڈیڈ لائن دینا زیب نہیں دیتا، بنگلادیش کے نہ ہونے سے آئی سی سی کو نقصان ہوگا، صدر بی سی بی
شائع 22 جنوری 2026 06:44pm

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے صدر امین الاسلام نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے وینیو معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) پر دوہرا معیار اپنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو خصوصی سہولت دی گئی جب کہ بنگلہ دیش کی سیکیورٹی خدشات پر مبنی درخواست مسترد کر دی گئی۔

جمعرات کو ڈھاکا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام نے کہا کہ آئی سی سی نے بھارت کو 2025 چیمپئنز ٹرافی کے تمام میچز پاکستان کے بجائے متحدہ عرب امارات میں کھیلنے کی اجازت دی تاہم بنگلہ دیش کی درخواست کے باوجود 2026 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز بھارت سے سری لنکا منتقل کرنے سے انکار کر دیا گیا۔

امین الاسلام کا کہنا تھا کہ بھارت کو یہ ’’خصوصی رعایت‘‘ دی گئی کہ وہ اپنے تمام میچز دبئی کے ایک ہی گراؤنڈ پر کھیلتا رہا اور ایک ہی ہوٹل میں قیام کیا۔ ان کے مطابق آئی سی سی نے بی سی بی کو 1996 اور 2003 کے ورلڈ کپ کے حوالے دیے، جب بعض ٹیموں نے مخصوص مقامات پر کھیلنے سے انکار کیا تھا تاہم بی سی بی نے حالیہ مثال کے طور پر 2025 چیمپئنز ٹرافی کا معاملہ سامنے رکھا۔

انہوں نے مزید نے کہا کہ بنگلہ دیش حکومت سیکیورٹی خدشات کے باعث ٹیم کو بھارت بھیجنے پر آمادہ نہیں، اسی لیے آئی سی سی کو سری لنکا میں میچز کھیلنے کی تجویز دی گئی، جسے ہائبرڈ ماڈل کے تحت اپنایا جا سکتا ہے مگر آئی سی سی نے اس درخواست کو بھی مسترد کر دیا۔

امین الاسلام نے واضح کیا کہ بنگلہ دیش سری لنکا میں ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے تیار ہے لیکن بھارت میں کھیلنے پر رضامند نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی سے رابطہ جاری رکھا جائے گا اور بنگلہ دیش ورلڈ کپ کھیلنے کی جدوجہد جاری رکھے گا۔

بی سی بی صدر نے آئی سی سی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ چلانے والوں کو ڈیڈلائن دینا زیب نہیں دیتا، بنگلادیش کے نہ ہونے سے آئی سی سی کو نقصان ہوگا، ہائبرڈل ماڈل تحت میچز سری لنکا میں منتقل کیے جائیں۔

دوسری جانب آئی سی سی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارت میں بنگلہ دیش ٹیم کو کوئی قابلِ اعتبار سیکیورٹی خطرہ لاحق نہیں اور اس مرحلے پر شیڈول میں تبدیلی سے مستقبل کے ایونٹس کے لیے ایک مثال قائم ہو سکتی ہے۔

آئی سی سی کے مطابق اگر بی سی بی نے بھارت جانے سے انکار کیا تو بنگلہ دیش کی جگہ کسی اور ٹیم کو 2026 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

PCB

Bangladesh

t20 cricket

ICC T20 World Cup

bangladesh cricket board

PAKISTAN CRICKET BOARD (PCB)

T20 world cup 2026

bcb

ICC Men’s T20 World Cup 2026

Bangladesh Matches

icc deadline claims