گل پلازہ کا اپروول پلان نہ ملنے پر غیر قانونی ریوائز پلان جاری کیے جانے کا انکشاف

گل پلازا عمارت میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی سنگین غفلت سامنے آگئی
شائع 20 جنوری 2026 04:47pm

سانحہ گل پلازہ میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کی سنگین غفلت سامنے آگئی ہے، جہاں عمارت کا اپروول پلان نہ ملنے پر غیرقانونی طور پر ریوائز پلان جاری کیا گیا، اصل مالک بھی لاپتہ ہے، سابق ایس بی سی اے افسران نے راستوں پر اضافی دکانوں کی تعمیرات پر آنکھیں بند رکھیں۔

دستاویزات کے مطابق 1980 میں قائم ہونے والی گل پلازہ مارکیٹ کا اصل اپروول پلان تاحال ریکارڈ میں موجود نہیں تاہم عمارت ریوائز پلان سامنے آیا جو غیرقانونی نکلا۔ گل پلازہ کو ریوائز پلان کی باقاعدہ منظوری کے بغیر ہی 2005 میں کمپلیشن سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا۔

ریکارڈ کے مطابق گل پلازہ کا پلاٹ 8 ہزار 128 اسکوائر یارڈ پر مشتمل ہے، جو پلاٹ نمبر 32، پریڈی کوارٹر کراچی پر واقع ہے اور اس کا تاحال مالک گل محمد خانانی بتایا جاتا ہے تاہم نہ تو مالک اور نہ ہی اس کے ورثا کے بارے میں کوئی مصدقہ معلومات دستیاب ہیں جب کہ مالک کی جانب سے ایس بی سی اے میں نہ ریوائز پلان اور نہ ہی کمپلیشن سرٹیفکیٹ کے لیے کوئی درخواست جمع کرائی گئی۔

دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ 1998 میں چار منزلہ تعمیر کے بعد رفیق جاپان والا نامی بلڈر نے ریوائز پلان کی اجازت کے لیے درخواست جمع کرائی، جو منظور نہیں ہوئی۔ اس کے باوجود کمپلیشن سرٹیفکیٹ جاری کر دیا گیا۔ ریوائز پلان قمرالدین اور عبدالحسیب نامی افراد نے جمع کرایا تھا۔

قانون کے مطابق کسی بھی تعمیر کے لیے لینڈ اتھارٹی سمیت دیگر متعلقہ اداروں کی این او سیز لازمی ہوتی ہیں تاہم گل پلازہ کے ریوائز پلان یا کمپلیشن سرٹیفکیٹ کے ساتھ کوئی این او سی موجود نہیں۔ مزید یہ کہ جس وقت ریوائز پلان جمع کرایا گیا، اس وقت ضلع جنوبی کی زمین کی لیز بھی ختم ہوچکی تھی اوربغیر پلاٹ لیز کے کسی قسم کی اپروول قانون کے مطابق نہیں دی جاسکتی۔

ذرائع کے مطابق سابق ایس بی سی اے افسران نے عمارت میں راستوں پر اضافی دکانوں کی تعمیر پر آنکھیں بند رکھیں جب کہ غیرقانونی طور پر بیسمنٹ میں پارکنگ کی جگہ کو چھت پر منتقل کیا گیا۔ گل پلازہ کراچی کا واحد منصوبہ بتایا جاتا ہے جس میں پارکنگ چھت پر بنائی گئی۔

واضح رہے کہ شہر قائد میں ہفتے کی رات ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ مارکیٹ میں لگنے والی آگ کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 27 ہوگئی ہے جب کہ 85 تاحال لاپتہ ہیں۔

karachi

fire

Karachi Fire

Gul Plaza Fire

Karachi Fire Incidents

Gul Plaza

fire incidents

gul plaza incident

Gul Plaza Latest Updates