کراچی: گل پلازہ میں شدید آگ بھڑک اٹھی، 3 افراد جاں بحق، کئی عمارت میں پھنس گئے
کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں شدید آگ بھڑک اٹھی ہے۔ فائر بریگیڈ کی دس سے زائد گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں جب کہ اسنارکل بھی موقع پر موجود ہے۔ آگ کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور درجن سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی افراد پلازہ میں پھنسے ہوئے ہیں۔ سندھ رینجرز کے جوان بھی ریسکیو آپریشن میں شامل ہیں۔
کراچی کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث پلازہ میں شدید دھواں پھیل گیا اور بھگدڑ مچ گئی۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ گل پلازہ کے میزنائن فلور پر لگی، جس کے شعلے دور سے نظر آئے۔
آگ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی دس سے زائد گاڑیاں اور اسنارکل موقع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق آگ نے متعدد دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پلازہ میں موجود دکانوں کی تعداد ایک ہزار سے زائد ہے۔
جیف آپریٹنگ افسر ریسکیو 1122 کا کہنا ہے کہ آگ سے جھلس کر تین افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، پلازہ میں بھگدڑ کے دوران کئی افراد بھی زخمی ہوئے، جنہیں نکال کر فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
عمارت میں دھماکوں کی آوازیں بھی سنائی دی گئی ہیں، حکام کے مطابق کئی افراد ابھی بھی عمارت کے اندر پھنسے ہوئے ہیں، جنہیں باہر نکالنے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
چیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے بتایا کہ آگ کی شدت زیادہ ہے، جس کے باعث اسے قابو میں لانے میں وقت لگ سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صورت حال کے پیش نظر مزید فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی طلب کر لی گئی ہیں۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو آتشزدگی کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان پراظہار افسوس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ اور میئر کوممکنہ وسائل برائے کارلانے کی ہدایات کی ہے۔
ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید کا کہنا ہے کہ چیف فائر بریگیڈ کے مطابق آگ بجھانے میں وقت لگے گا، گراؤنڈ فلور پر کچھ کیمیکل بھی موجود ہے، اس پلازہ میں ایمرجنسی ایگزٹ کا نظام نہیں ہے۔
ادھر، وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار کا کہنا ہے کہ ایس ایس پی سٹی فوری طور پر ریسکیو کے اقدامات کرے اور عمارت میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے جائیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ شہریوں کو محفوظ راستے فراہم کرنے کے لیے متبادل ٹریفک روٹس بھی بنائے جائیں۔
وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ گل پلازہ کی عمارت کی مکمل سیکیورٹی اور حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جائیں تاکہ آگ مزید پھیلنے سے روکی جا سکے۔ ساتھ ہی فائر بریگیڈ گاڑیوں اور عملے کی عمارت تک بلا رکاوٹ رسائی کے لیے راستوں کو کلیئر کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے فوری تفتیش اور تحقیق کی جائے۔















