وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا دورہ کراچی: پی ٹی آئی نے جلسے کی اجازت مانگ لی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے دورہ کراچی کے دوران مزار قائد پر جلسے کی اجازت مانگ لی ہے۔
اس سلسلے میں پی ٹی آئی کراچی کے صدر راجہ اظہر نے ڈپٹی کمشنر شرقی کو جلسے کے لیے خط لکھ دیا، جس میں کہا گیا کہ گراؤنڈ باغ جناح میں 11 جنوری کو جلسے کی اجازت دی جائے۔
خط میں کہا گیا کہ 11 جنوری کو سہیل آفریدی جلسے سے خطاب کرنا چاہتے ہیں۔ خط میں یقین دہانی کرائی کہ پی ٹی آئی کا جلسہ مکمل طور پر پرامن ہوگا اور ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا۔
خط میں مزید کہا گیا کہ ضلعی انتظامیہ کے مثبت فیصلے کا انتظار ہے تاکہ جلسے کا انعقاد ممکن ہو سکے۔
حکومت سے بات چیت عمران خان سے ملاقات سے مشروط
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے حکومت سے بات چیت بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات سے مشروط کردی ہے۔
راولپنڈی کے فیکٹری ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ حکومت کی طرف سے آفر یہی ہے کہ عمران خان کو کال کوٹھری میں پڑا رہنے دو اور آؤ ہمارے ساتھ بیٹھو چائے پیو بسکٹ کھاؤ تاکہ یہی لگے کے معاملات بہتری کی طرف جارہے ہیں، عمران خان سے ہم ملیں گے، ان سے مکالمہ ہو گا ہدایت لیں گے پھر ہی بات ہوسکتی ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ یہ نہیں ہو سکتا کے آپ عمران خان کو بند کردیں اور کہیں کہ مذکرات کرلو، پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے درمیان رابطوں پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے دورہ کراچی کا شیڈول جاری کردیا گیا، جس کے مطابق سہیل آفریدی 9 سے 11 جنوری تک کراچی میں رہیں گے۔
سہیل آفریدی مختلف علاقوں کا دورہ کرنے سمیت کراچی پریس کلب جائیں گئے اور مزار قائد پر بھی حاضری دیں گے، دورے کے دوران وہ پارٹی قیادت اور سندھ کابینہ کے ارکان سے بھی ملاقات کریں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے لاہور کا دورہ کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیں سیاسی سرگومیوں سے روکا گیا جو جمہوری روایات کے خلاف ہے۔
















