وفاقی کابینہ کا اجلاس آج، اہم فیصلے متوقع
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا، جس میں دارالحکومت کے لیے نئے بلدیاتی نظام پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی اور مختلف تجاویز پر مشاورت کی جائے گی۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس آج (جمعہ) کو صبح دس بجے ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں اسلام آباد میں پنجاب کی طرز پر نئے بلدیاتی نظام کے نفاذ سے متعلق امور کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق چیف کمشنر اسلام آباد کابینہ کو مجوزہ بلدیاتی ڈھانچے پر خصوصی بریفنگ دیں گے۔ اس موقع پر بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات، عوامی سہولتوں کی بہتری اور انتظامی امور سے متعلق مختلف تجاویز پر بھی گفتگو متوقع ہے۔
کابینہ ارکان سے رائے لینے کے بعد آئندہ مرحلے کے لیے سفارشات تیار کی جائیں گی، جنہیں حتمی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔















