پاکستان سمیت دنیا بھر میں سالِ نو کا آغاز، آتش بازی کے شاندار مظاہرے

آج نیوز کی طرف سے اہلِ وطن کو نیا سال مبارک ہو۔
اپ ڈیٹ 01 جنوری 2026 12:23am

سال 2025 اپنے اختتام کو پہنچنے کے بعد امن، استحکام اور خوشحالی کی امیدوں کے ساتھ دنیا کے کئی ممالک میں سال نو کا آغاز ہوگیا، پاکستان، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، سنگا پور، تھائی لینڈ، جاپان، جنوبی اور شمالی کوریا میں بھی نیا سال شروع ہوچکا ہے جہاں نئے سال کی آمد پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔

سال 2026 کا آغاز ہوتے ہی ملک بھر میں جشن اور آتش بازی کی روشنی چھا گئی۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں شاندارآتش بازی دیکھی گئی اور نئے سال کی خوشی میں شہری سڑکوں پر نکل آئے، منچلے ہلہ گلہ کرتے ہوئے جشن منانے لگے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سال نو کے آغاز کے ساتھ آتش بازی کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ شہر کے مختلف مقامات پر شاندار فائر ورک کا اہتمام کیا گیا، پارک ویوسٹی میں خصوصی تقریب کے بعد آتش بازی کی گئی، جبکہ سی ڈی اے کے زیر انتظام شاہین چوک میں بھی دلکش مظاہرہ پیش کیا گیا۔

گورنر ہاؤس کراچی میں بھی دو ہزار چھبیس کا خیرمقدم آتش بازی کے ذریعے کیا گیا۔ سکھر کے تاریخی لینس ڈاؤن پل کو خوب صورت برقی قمقموں سے سجایا گیا اور شاندار آتش بازی کی گئی۔ لاہور کے لبرٹی چوک اور پشاور کے رنگ روڈ پر بھی سال نو کی آمد پر شاندار مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔

دنیا کے مختلف خطوں میں وقت کے فرق کے باعث سال 2026 کا آغاز الگ الگ اوقات میں ہوا، جس کے نتیجے میں دنیا میں سب سے پہلے نئے سال کا استقبال کرنے والے ممالک ہمیشہ دلچسپی کا مرکز بنے۔

دنیا میں سب سے پہلے سال 2026 کا آغاز بحرالکاہل میں واقع جزیرہ ملک ’کریباتی‘ سے ہوا۔ کریباتی کے مشرقی حصے میں واقع کیریٹی ماٹی یا کرسمس آئی لینڈ وہ مقام ہے جہاں نیا سال سب سے پہلے داخل ہوتا ہے۔

پاکستانی وقت کے مطابق یہاں دوپہر تین بجے سال 2026 شروع ہوا جب کہ اُس وقت جزیرے پر رات کے بارہ بج رہے تھے۔ اسی وجہ سے کریباتی کو دنیا میں نئے سال کا پہلا میزبان کہا جاتا ہے۔

کریباتی کے بعد نیوزی لینڈ میں سال نو کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق شام چار بجے ہوا اور آکلینڈ شہر میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔

شام چھ بجے (پاکستانی وقت) کے مطابق آسٹریلیا کے مختلف شہروں، بشمول سڈنی میں سال 2026 کے استقبال کے لیے بڑے پیمانے پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔

جاپان، جنوبی کوریا اور دیگر ایشیائی ممالک میں بھی نئے سال کے موقع پر روایتی رسومات اور تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔

خصوصاً جاپان میں آتش بازی کے علاوہ نئے سال کا استقبال ایک منفرد روایت کے ساتھ کیا جاتا ہے جسے ’جویا نو کانے‘ کہتے ہیں۔ جس کے تحت نئے سال کے آغاز پر بُدھ مت کے مندروں میں لگی بڑی گھنٹیاں 108 بار بجائی جاتی ہیں۔

عام طور پر 107 بار گھنٹی پرانے سال کی آخری رات (31 دسمبر) کو بجائی جاتی ہے جب کہ 108 ویں بار گھنٹی نئے سال کے آغاز (یکم جنوری) کے ٹھیک پہلے سیکنڈ پر بجائی جاتی ہے۔

تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں نئے سال کی آمد پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، جہاں شہریوں اور سیاحوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

آتش بازی کے دوران روشنیوں اور رنگوں نے فضا کو دلکش منظر میں تبدیل کر دیا، شہر کا آسمان رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا اٹھا۔

نئے سال کے جشن کے موقع پر دریائے چاو فرایا اور دیگر مرکزی مقامات پر خصوصی تقریبات منعقد کی گئیں، جن میں آتش بازی کو مرکزی حیثیت حاصل رہی۔ اس موقع پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے تھے تاکہ تقریبات پرامن انداز میں مکمل ہو سکیں۔

سنگاپور میں بھی نئے سال کی آمد کے موقع پر مرینا بے کے اوپر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، جس کے دوران آسمان رنگ برنگی روشنیوں سے بھر گیا اور شہریوں نے نئے سال کا پرتپاک استقبال کیا۔

نئے سال کی تقریبات کے سلسلے میں مرینا بے کے مقام پر آتش بازی کا خصوصی اہتمام کیا گیا، جہاں بڑی تعداد میں شہریوں اور سیاحوں نے شرکت کی۔ آتش بازی کے دوران مختلف رنگوں اور اشکال کی روشنیوں نے مرینا بے کے اطراف دلکش مناظر پیش کیے۔

تقریبات کے دوران سنگاپور کے مختلف علاقوں میں بھی نئے سال کو خوش آمدید کہنے کے لیے پروگرام منعقد کیے گئے۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جب کہ عوام کی سہولت کے لیے ٹریفک اور دیگر امور کے حوالے سے خصوصی اقدامات بھی کیے گئے۔

چین کے دارالحکومت بیجنگ میں نئے سال کی آمد کے موقع پر جویونگ گوان عظیم دیوار کے حصے کو روشنیوں اور لائٹ بیمز سے منور کر دیا گیا، جس سے تاریخی مقام ایک دلکش منظر میں تبدیل ہو گیا۔ جسے بڑی تعداد میں لوگوں نے دیکھا۔

نئے سال کی تقریبات کے سلسلے میں بیجنگ کے مختلف مقامات پر تقاریب منعقد کی گئیں جب کہ جویونگ گوان عظیم دیوار پر روشنیوں کا یہ مظاہرہ تقریب کا نمایاں حصہ رہا۔ اس موقع پر سیکیورٹی اور انتظامی اقدامات بھی کیے گئے تھے تاکہ تقریبات پرامن انداز میں مکمل ہو سکیں۔

یورپ اور مشرق وسطیٰ میں سالِ نو کا آغاز نسبتاً بعد میں ہوتا ہے جب کہ امریکا میں سب سے آخر میں نئے سال کی آمد ہوتی ہے۔

امریکا کے شہر نیویارک میں سال نو کے جشن کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، جہاں ٹائمز اسکوائر میں مشہور کرسٹل بال نصب کر دی گئی ہے اور اس کی آزمائش بھی کی جا چکی ہے۔

ہر سال کی طرح اس موقع پر لاکھوں افراد کی شرکت متوقع ہے، جبکہ دنیا بھر میں کروڑوں لوگ اس منظر کو ٹیلی وژن اور آن لائن ذرائع سے دیکھتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق دنیا میں نئے سال کے آغاز کا یہ فرق عالمی ٹائم زون سسٹم کا نتیجہ ہے، جس کے تحت زمین کو مختلف حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

اسی نظام کے باعث کچھ ممالک میں نیا سال شروع ہو چکا ہوتا ہے جب کہ کچھ خطوں میں ابھی پرانا سال جاری ہوتا ہے۔ اس طرح دنیا ایک ہی دن میں مختلف اوقات پر نئے سال میں داخل ہوتی ہے اور ہر ملک اپنے انداز اور ثقافت کے مطابق اس کا استقبال کرتا ہے۔

New Zealand

پاکستان

United States

New Year 2026

2026 Celebration

Kiribati Island

First Country To Celebrate New Year 2026