حماس نے نئے ترجمان کا اعلان کر دیا، ابو عبیدہ کی شہادت کی بھی تصدیق

ابو عبیدہ اپنے منفرد انداز کی وجہ سے مشہور اور تنظیم کی ایک اہم آواز سمجھے جاتے تھے
اپ ڈیٹ 29 دسمبر 2025 09:03pm

حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اپنے سابق ترجمان ’ابو عبیدہ‘ اور تنظیم کے غزہ کے چیف ’محمد سنوار‘ کی شہادت کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔ القسام بریگیڈز نے اپنے تازہ بیان میں تنظیم کے نئے ترجمان کو بھی متعارف کروایا ہے۔

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے پیر کے روز جاری کیے گئے ویڈیو بیان میں بتایا گیا ہے کہ القسام بریگیڈز کے سابق ترجمان ’ابو عبیدہ‘ اگست میں غزہ سٹی پر اسرائیلی حملے میں شہید ہو گئے تھے۔

الجزیرہ کے مطابق پیر کے روز عرب میڈیا پر نشر ہونے والے ریکارڈ شدہ بیان میں نئے فوجی ترجمان کو متعارف کروایا گیا ہے۔ بیان میں سابق ترجمان کی شناخت ظاہر کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ان کا اصل نام ’حذیفہ سمیر الکحلوت‘ تھا۔

حماس کی جانب سے نئے ترجمان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، تاہم انہوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ بھی اپنے لیے ’ابو عبیدہ‘ کا نام ہی اختیار کریں گے۔

نئے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ حذیفہ سمیر الکحلوت کی شہادت پر سوگوار ہیں، جنہوں نے دو دہائیوں تک دشمن کی چالوں کو ناکام بنایا اور اہلِ ایمان کے حوصلے بلند کیے۔ بیان میں سابق ترجمان کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا گیا۔

القسام بریگیڈز کے نئے ترجمان نے تنظیم کے سابق کمانڈر اور یحییٰ سنوار کے بھائی محمد سنوار سمیت دیگر رہنماؤں کی شہادت کی بھی تصدیق کی۔

برطانوی جریدے مڈل ایسٹ آئی کے مطابق حماس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق ترجمان کی اصل شناخت شہادت سے قبل صرف چند افراد کو معلوم تھی۔ انہوں نے اپنے لیے ابو عبیدہ کا نام اختیار کیا اور وہ 2004 میں پہلی مرتبہ شمالی غزہ پر اسرائیلی حملے کے بعد منظرِعام پر آئے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ حماس نے باقاعدہ طور پر سابق ترجمان کی شناخت ظاہر کی ہے، جو گزشتہ 20 برس سے زائد عرصے تک القسام بریگیڈز کی ترجمانی کے فرائض انجام دیتے رہے۔ وہ ہمیشہ سرخ رومال سے چہرہ ڈھانپ کر منظرِعام پر آتے تھے اور انہوں نے میڈیا پر اپنا چہرہ کبھی ظاہر نہیں کیا۔

حذیفہ سمیع الکحلوت اپنے منفرد حُلیے اور تقاریر کے حوالے سے مشہور تھے، جس میں وہ جنگی صورتحال پر بریفنگ دیتے اور تنظیم کا مؤقف پیش کرتے تھے۔ وہ حماس کی نمایاں شخصیات میں شمار ہوتے تھے اور ان کے مخصوص حلیے کو فلسطین کے حق میں ہونے والے مظاہروں میں بھی اختیار کیا جاتا رہا ہے۔

اسرائیل کی جانب سے گزشتہ دو دہائیوں میں انہیں متعدد بار نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی جبکہ اپریل 2024 میں امریکا نے انہیں حماس کا ’انفارمیشن وارفیئر چیف‘ قرار دیتے ہوئے پابندیوں کی فہرست میں بھی شامل کیا تھا۔

Palestine

Hamas

Hamas Spokesperson

Yahya Sinwar

Al Qassam Brigade

Abu Ubaidah