کراچی: سہراب گوٹھ میں گھر سے ایک خاتون اور تین بچوں کی لاشیں برآمد

ابتدائی تفتیش کے مطابق معاملہ بظاہر خود کشی کا لگ رہا ہے: پولیس
شائع 28 دسمبر 2025 05:11pm

کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ گنا منڈی کے قریب ایک گھر سے چار لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جس میں سے ایک خاتون اور تین لاشیں بچوں کی ہیں۔ پولیس نے گھر کے سربراہ نجیب اللہ اور اس کے بیٹے کو حراست میں لے کر واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

پولیس کے مطابق مرنے والوں میں 35 سالہ فاطمہ، 10 سالہ سونم، 3 سالہ آرزو اور 2 سالہ ارمان شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں معاملہ بظاہر خود کشی کا لگ رہا ہے۔ خاتون کے شوہر نجیب اللہ کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

نجیب اللہ نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ واقعہ گھریلو جھگڑوں کے باعث پیش آیا۔ پولیس کے مطابق مرنے والی خاتون فاطمہ کا تعلق افغانستان سے ہے جبکہ شوہر نجیب اللہ لیہ سے ہے اور سبزی منڈی میں کام کرتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نجیب اللہ نے اپنی پہلی بیوی کو طلاق دینے کے بعد فاطمہ سے دوسری شادی کی تھی۔ اس شادی سے دو بچے جبکہ پہلی بیوی سے پانچ بچے تھے۔ جاں بحق بچوں میں ایک سونم پہلی بیوی کی اولاد تھی، جبکہ واقعے کے وقت ایک بیٹا باپ کے ساتھ سبزی منڈی گیا ہوا تھا۔

نجیب اللہ کے دوست نواب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نجیب اللہ مالی طور پر مستحکم تھا اور اس کا کاروبار بھی اچھا چل رہا تھا۔

نواب کے مطابق نجیب اللہ نے تین ماہ قبل نیا گھر خریدا تھا اور فاطمہ اس کی دوسری بیوی تھی۔ پہلی بیوی اکثر بچوں سے رابطے کے لیے فون کرتی تھی، جس پر گھر میں اکثر جھگڑے ہوا کرتے تھے۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ کو تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حتمی نتیجہ شواہد کے مکمل جائزے کے بعد سامنے آئے گا اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔

جائے وقوعہ پر موجود ریسکیو حکام کے مطابق لاشیں تقریباً دس سے گیارہ گھنٹے پرانی معلوم ہوتی ہیں۔ ایدھی کے رضاکار نے بتایا کہ جب لاشوں کو اتارا گیا تو وہ سخت ہوگئی تھیں۔

کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے اور لاشوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

karachi

crime News

Dead Bodies of Children Found

Sohrab Goth Dead Bodies Case

Karachi Dead bodies Found