یو اے ای کے صدر مختصر دورے کے بعد روانہ: صدر، وزیراعظم اور دیگر سے ملاقاتیں
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے دورہ پاکستان کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت دیگر سے ملاقاتیں کیں، جن میں دو طرفہ تجارت اور دیگر شعبہ جات میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زید النہیان نے 26 دسمبر 2025 کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کا سرکاری دورہ کیا۔
اعلامیہ کے مطابق راولپنڈی کے نور خان ایئربیس پر وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یو اے ای صدر اور ان کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد کا استقبال کیا۔ اس موقع پر کابینہ کے دیگر سینئر ارکان اور سرکاری حکام بھی متحدہ عرب امارات کے معززین کے استقبال کے لیے موجود تھے۔
مہمان صدر کا طیارہ جوں ہی پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوا تو پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے انہیں شاندار فضائی سلامی دی، پاک JF-17 تھنڈر بلاک III طیاروں کے 6 رکنی دستے نے شیخ محمد بن زاید النہیان کا اسقبال کیا اور سلامی دی۔
مہمان نوازی اور بھائی چارے کے شاندار مظاہرے میں پاک فضائیہ کے طیاروں نے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی رسمی ایئر ایسکارٹ فراہم کیا، پاک فضائیہ کی جانب سے شاندار استقبال پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے گہرے بردرانہ تعلقات اور باہمی احترام کا مظہر ہے۔
فارمیشن لیڈر نے وزیر اعظم اور پاکستان کے عوام کی جانب سے شیخ محمد بن زاید النہیان کو پرتپاک سلام پیش کیا، یہ فضائی سلامی دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کے عزم کا اظہار ہے۔
جے ایف 17 تھنڈر بلاک III جدید ترین 4.5 جنریشن کا ملٹی رول لڑاکا طیارہ ہے، جو پاک فضائیہ کی جدید آپریشنل صلاحیتوں کی عکاسی کرتا ہے، پاکستان کی حدود میں بردار ممالک کے مہمانوں کو فضائی سلامی پیش کرنا جذبہ خیر سگالی کی روایت کا تسلسل ہے۔
نور خان ایئر بیس پر لینڈنگ کے بعد معزز مہمان کو 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔ شیخ محمد بن زاید النہیان اپنے طیارے سے باہر آئے تو وزیراعظم محمد شہباز شریف اورفیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ان سے گرمجوشی سے مصافحہ کیا جب کہ روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے یو اے ای کے صدر کو پھول پیش کیے۔
چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل عاصم منیر کے سیلوٹ کے جواب میں متحدہ عرب امارات کے صدر کا گرم جوشی سے جوابی سیلوٹ اسی مضبوط برادرانہ رشتہ کا عکاس ہے۔
دورے کے دوران متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ جس کا محور پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال پرمرکوزرہا۔
دونوں رہنماؤں نے تعاون کے جاری شعبوں میں حاصل ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں روابط کو گہرا کرنے کی راہیں بھی تلاش کیں۔
اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں دونوں فریقوں نے اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری، توانائی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، آئی ٹی، ٹیکنالوجی اور عوام سے عوام کے تبادلے میں تعاون کو وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے دوطرفہ تجارت کو بڑھانے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا، جس میں باہمی طور پر فائدہ مند ترقی کی بڑی صلاحیت موجود ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اہم علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ کاری جاری رکھنے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
دو طرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے مشترکہ مقصد کو آگے بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
شیخ محمد بن زاید النہیان کا دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا اور ان کی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔
مہمان صدر نے مختصر دورے کے دوران وزیراعظم کے علاوہ صدر مملکت اور فیلڈ مارشل سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ بعد ازاں متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید النہیان پاکستان کا ایک روزہ دورہ مکمل کر کے واپس روانہ ہوگئے۔
یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی آمد پر اسلام آباد میں جمعے کو عام تعطیل رہی اور پاکستان سیکرٹریٹ سمیت تمام وفاقی ادارے بند رہے۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔