تمام سولر صارفین کے لیے نیٹ میٹرنگ پالیسی تبدیل، نیا بلنگ نظام متعارف
ملک بھر کے سولر صارفین کے لیے نیٹ میٹرنگ پالیسی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ وزارت توانائی اور نیپرا نے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد نئی پالیسی کی منظوری دی ہے، جسے نیپرا سولر صارفین قوانین 2025 کا نام دیا گیا ہے۔ اس پالیسی کے تحت فوری طور پر نیٹ بلنگ کا نظام متعارف کروایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق، نئی پالیسی کے تحت سولر صارفین کے معاہدے کی مدت اب سات سال سے کم کر کے پانچ سال کر دی گئی ہے۔
نیٹ میٹرنگ کے تحت صارفین کو اضافی سرچارج کی بجائے فی یونٹ تبادلے کی سہولت دی جائے گی، اور نئی سولر نیٹ بلنگ فی یونٹ گیارہ روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس سے قبل صارفین کو 25 روپے 98 پیسے فی یونٹ قیمت کا فائدہ ملتا تھا۔
پالیسی کے مطابق آئندہ 25 کلو واٹ سے کم لوڈ رکھنے والے تمام سولر صارفین کے لیے نیپرا سے لائسنس لینا لازمی ہوگا، جب کہ پہلے گھریلو، صنعتی اور کمرشل صارفین 25 کلو واٹ تک کے لیے لائسنس سے مستثنیٰ تھے۔
وزارت توانائی اور نیپرا نے کئی ماہ تک مشاورت کے بعد یہ پراسیجر مکمل کیا ہے اور وفاقی حکومت کو بتایا ہے کہ نئی پالیسی کے بغیر سولر سسٹمز کا باقاعدہ انتظام ممکن نہیں۔
وزارت توانائی نے واضح کیا کہ سولر ٹیرف کا تعین نیپرا ریگولیٹرز کی ذمہ داری ہے اور وقت کے ساتھ رولز اور ٹیرف میں تبدیلیاں ممکن ہیں۔
وزارت کے ترجمان نے کہا کہ نئی پالیسی سے صارفین پر زیادہ فرق نہیں پڑے گا اور یہ اقدامات ملک میں سولر سسٹمز کی بہتر انتظام کاری اور توانائی کے شعبے میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔














