حج 2026: سعودی عرب کی ڈیڈ لائن میں ایک روز باقی، دوبارہ بحران کا خدشہ

ویلفیئر اور میڈیکل اسٹاف کے پاسپورٹس تاخیر کا شکار، وزارتِ مذہبی امور نے ہنگامی اقدامات کر لیے
شائع 21 دسمبر 2025 09:05am

حج 2026 کے انتظامات ایک بار پھر بحران کی طرف بڑھتے دکھائی دے رہے ہیں، کیونکہ سعودی عرب کی جانب سے مقررہ ڈیڈ لائن میں صرف ایک روز باقی رہ گیا ہے۔ ویلفیئر اور حج میڈیکل مشن کے عملے کے پاسپورٹس بروقت تیار نہ ہونے پر وزارتِ مذہبی امور نے ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے پاسپورٹ دفاتر کھلے رکھنے کی درخواست کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے حج 2026 کے لیے تعینات ویلفیئر اسٹاف کے پاسپورٹس 21 دسمبر تک مسار ایپ پر اپ لوڈ کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، تاہم بڑی تعداد میں عملے کے پاسپورٹس تاحال تیار نہیں ہو سکے۔

صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر وزارتِ مذہبی امور نے ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹس کو خط لکھ دیا ہے، جس میں آج اور کل (ہفتہ اور اتوار) ملک بھر میں پاسپورٹ دفاتر کھلے رکھنے کی درخواست کی گئی ہے۔ وزارت نے مراسلے میں معاملے کو انتہائی اہم (ٹاپ پرائرٹی) قرار دینے پر زور دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارتِ مذہبی امور میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے اور متعلقہ افسران و عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ حج میں فرائض انجام دینے والے ویلفیئر اسٹاف کے پاسپورٹس تاخیر کا شکار ہونے پر شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔

مراسلے کے مطابق حج میڈیکل مشن کے 268 اراکین کے پاسپورٹس فوری طور پر جاری کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ حج میڈیکل مشن کا عملہ سول شعبے اور مسلح افواج سے تعلق رکھتا ہے، جن کی تعیناتی سعودی عرب میں حج خدمات کے لیے ضروری ہے۔

سعودی ڈیڈ لائن پوری کرنے کے لیے وزارتِ مذہبی امور نے پاسپورٹ دفاتر کی ہفتہ وار تعطیلات معطل کرنے کی بھی درخواست کی ہے تاکہ مطلوبہ دستاویزات بروقت مکمل کی جا سکیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس 2025 میں انتظامی مسائل کے باعث 63 ہزار سے زائد پاکستانی فریضۂ حج کی ادائیگی سے محروم رہ گئے تھے، جس کے باعث اس بار کسی بھی تاخیر کو بڑے بحران کا پیش خیمہ قرار دیا جا رہا ہے۔

اسلام آباد

Government Haj Scheme

haj 2026

saudi arbia

ministery of haj