قومی کانفرنس کا انعقاد: اپوزیشن الائنس کا پیپلز پارٹی سے رابطہ نہ کرنے کا فیصلہ
تحریک تحفظ آئین پاکستان کے زیر اہتمام قومی کانفرنس کے انعقاد کے معاملے میں اپوزیشن الائنس نے پیپلز پارٹی سے بھی رابطہ نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان کے زیر اہتمام قومی کانفرنس کا انعقاد 20 اور 21 دسمبر کو خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں ہوگا تاہم اپوزیشن اتحاد نے پیپلز پارٹی سے رابطہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن الائنس پیپلز پارٹی سے رابطے کے فیصلے سے پیچھے ہٹ گئی، اس سے قبل اپوزیشن الائنس نے پیپلز پارٹی سے رابطے کا فیصلہ کیا تھا۔
پی ٹی آئی کا پیپلزپارٹی کو قومی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دینے کا فیصلہ
ذرائع کے مطابق اپوزیشن اتحاد کی جانب سے قومی کانفرنس میں صرف مخصوص سیاسی جماعتوں کو مدعو کیا جائے گا، پیپلز پارٹی کو قومی کانفرنس میں شرکت کے لیے کوئی دعوت نامہ نہیں بھیجا جا رہا۔
ذرائع کے مطابق کانفرنس کے دوران ملک میں آئینی تحفظ، سیاسی ہم آہنگی اور دیگر متعلقہ امور پر بات چیت کی جائے گی۔ کانفرنس میں شریک جماعتوں کے نمائندے مل کر آئینی اور سیاسی امور پر سفارشات مرتب کریں گے۔














