4 سال قبل ملک بھر میں بجلی کے بلیک آؤٹ کا ذمہ دار کون تھا؟ فیصلہ جاری

بلیک آؤٹ کے بعد بروقت بجلی بحالی میں ناکامی کا معاملہ نیپرا نے نمٹا دیا۔
شائع 08 دسمبر 2025 07:39pm

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے 4 سال قبل ہونے والے بلیک آوٹ کے بعد بروقت بجلی بحالی میں ناکامی کا ذمہ دار نیشنل گرڈ کمپنی اور سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کو قرار دیتے ہوئے ڈھائی کروڑ روپے جرمانہ عائد کردیا۔

چار سال قبل ملک میں ہونے والے بڑے بلیک آؤٹ کے بعد بروقت بجلی بحالی میں ناکامی کا معاملہ نیپرا نے نمٹا دیا۔

نیپرا نے نیشنل گرڈ کمپنی اور سی پی پی اے کو بجلی بحالی میں غفلت کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے دونوں اداروں پر ڈھائی کروڑ روپے جرمانہ عائد کردیا۔

نیپرا نے بجلی بلیک آؤٹ کے حوالے سے تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا، جس کے مطابق 9 جنوری 2021 کو ملک بھر میں 20 گھنٹے طویل بلیک آؤٹ کے باعث پورا ملک اندھیرے میں ڈوبا رہا جب کہ نیشنل گرڈ کمپنی اور سی پی پی اے بلیک آوٹ کے بعد فوری طور پر بجلی بحال کرنے میں ناکام رہی۔

فیصلے میں کہا گیا کہ سال 2021، 2022 اور 2023 میں بجلی معطل ہونے کے واقعات رونما ہوئے، دونوں کمپنیاں بروقت بجلی بحالی میں ناکام رہیں۔

اتھارٹی کے مطابق نیپرا نے بلیک آوٹ کے معاملے پر تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی جب کہ سماعت کے دوران نیشنل گرڈ کمپنی اور سی پی پی اے نیپرا کو مطمئن کرنے میں ناکام رہیں۔ سماعت میں دونوں کمپنیوں نے ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈالنے کی کوشش کی۔

نیپرا نے دونوں کمپنیوں کو 15 روز کے اندر جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ عائد کردہ جرمانہ 15 روز کے اندر جمع کرایا جائے، بصورت دیگر مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یاد رہے کہ ہفتہ اور اتوار (10 جنوری) کی درمیانی شب کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک کے کئی شہر بجلی کے ترسیلی نظام میں خرابی کے باعث تاریکی میں ڈوب گئے تھے۔

ملک میں ہونے والے بجلی کے بریک ڈاؤن سے ٹرانسمیشن، 22 ہزار میگاواٹ کی ترسیل اور تقسیم کا نظام ٹرپ کرگیا تھا۔

بریک ڈاؤن کے باعث کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ سمیت دیگر کئی شہروں میں اچانک بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی، اس دوران بجلی اچانک معطل ہونے پر صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

nepra

electricity

CPPA

National Electric Power Regulatory Authority

Blackout

electricity breakdown

National Grid Company

electricity blackout

electricity breakdown pakistan