وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے سعودی افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف کی ملاقات، تعلقات مزید مضبوط بنانے کا عزم
پاکستان کے دورے پر آئے سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے سے سعودی عرب کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے اسلام آباد میں ملاقات کی، ملاقات میں چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ، خواجہ آصف، طارق فاطمی اور دونوں ممالک کے علیٰ حکام نے شرکت کی۔
شہباز شریف نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ اقتصادی، دفاعی اور سیکیورٹی سمیت دیگر تمام شعبوں میں تاریخی برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے فیاض بن حمید الرویلی کا خیرمقدم کیا اورپاکستان کو ہر وقت فراہم کی جانے والی غیر متزلزل حمایت اور یکجہتی پر سعودی عرب کو سراہا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات مشترکہ عقیدے ، یکساں اقدار اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔
وزیراعظم نے گزشتہ دو ماہ کے دوران ریاض کے اپنے انتہائی کامیاب دوروں کا ذکر کیا ، جن کے دوران دونوں فریقوں کے درمیان تاریخی اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدوں پر دستخط ہوئے۔
شہباز شریف نے ہر قسم کی دہشت گردی اور انتہاپسندی کا مقابلہ کرنے اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کو بھی اجاگر کیا۔
فیاض بن حمید الرویلی نے سعودی قیادت کی جانب سے وزیراعظم اور پاکستانی عوام کو تہنیتی پیغام پہنچایا۔
انہوں نے پاکستان کے ساتھ موجودہ بہترین دفاعی اور تزویراتی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے سعودی عرب کی مضبوط خواہش کا اعادہ کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات
قبل ازیں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے سعودی عرب کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الروایلی نے ملاقات، دفاعی اور عسکری تعاون، پاک۔سعودی اسٹریٹیجک ملٹری پارٹنرشپ مضبوط بنانے سمیت دہشت گردی کے خلاف تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سعودی عرب کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الروایلی نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیرسے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں عسکری سربراہان نے خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتِ حال، اسٹریٹیجک تعاون، اور باہمی دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں ممالک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دفاعی تعاون، مشترکہ مشقوں، انٹیلیجنس روابط اور انسدادِ دہشت گردی اقدامات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی مسلح افواج کے ساتھ پاکستان کے تاریخی و برادرانہ عسکری تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب کے ساتھ ہر شعبے میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔
اس موقع پر خطے میں امن و استحکام اور دونوں ممالک کے باہمی اسٹریٹیجک مفادات پر بھی گفتگو ہوئی۔ جنرل فیاض بن حمید الروایلی نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور انسدادِ دہشت گردی میں نمایاں کردار کو سراہا۔
انہوں نے دفاعی تربیت، عسکری مشقوں اور سکیورٹی معاونت سمیت متعدد شعبوں میں پاکستان کے تعاون پر اظہارِ تشکر کیا اور یقین دلایا کہ سعودی عرب پاک فوج کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
جی ایچ کیو پہنچنے پر سعودی معزز مہمان کے اعزاز میں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ سعودی عرب کے چیف آف جنرل اسٹاف نےیادگارِ شہداء پرحاضری دی، پھول چڑھائے اور پاکستان کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔













