وانا کیڈٹ کالج آپریشن تاحال جاری، 3 دہشتگرد گھیر لیے گئے، 535 افراد محصور

کالج میں موجود تین افغان خوارجین کو ایک مخصوص عمارت تک محدود کر دیا گیا ہے
شائع 11 نومبر 2025 02:49pm

پیر کو جنوبی وزیرستان کے وانا کیڈٹ کالج پر افغان خوارج کے حملے کے بعد پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کا آپریشن بھرپور انداز میں جاری ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملے کے وقت کالج میں 525 کیڈٹس سمیت تقریباً 650 افراد موجود تھے، جن میں سے اب تک 115 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کالج میں موجود تین افغان خوارجین کو ایک مخصوص عمارت تک محدود کر دیا گیا ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔ جس عمارت میں دہشتگرد موجود ہیں وہ کیڈٹس کی رہائشی عمارتوں سے خاصی دور ہے، اس لیے ابھی تک تمام کیڈٹس محفوظ ہیں۔

سیکیورٹی اداروں کے مطابق، دہشتگردوں کی موجودگی کے باعث آپریشن نہایت احتیاط سے کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی کیڈٹ یا عملے کی جان کو نقصان نہ پہنچے۔ کالج کے اندر موجود افراد کو مرحلہ وار محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے، تاہم ابھی بھی تقریباً 535 افراد کالج کے اندر موجود ہیں۔

AAJ News Whatsapp

وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز وانا حملے میں تین شہادتیں ہوئیں، حملے کے وقت کالج میں 500 سے زائد طلبہ موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد خیبرپختونخوا کے عوام کو بدنام کرنا چاہتے ہیں، ہمارے لئے سب سے پہلے پاکستان ہونا چاہئے۔

ذرائع کے مطابق، وانا کیڈٹ کالج میں افغان خوارج کے خلاف آپریشن پوری شدت سے جاری ہے، اور سیکیورٹی فورسز نے تمام اطراف سے علاقے کو مکمل طور پر گھیر رکھا ہے۔

خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی 2 کارروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ 20 خوارج ہلاک

یاد رہے کہ 10 نومبر کو افغان خوارج نے کالج کے مرکزی گیٹ پر بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی تھی، جس کے نتیجے میں کالج کا مرکزی دروازہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا اور قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ تاہم پاک فوج کے جوانوں نے فوری اور بہادری سے کارروائی کرتے ہوئے دو دہشتگردوں کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا تھا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان دہشتگردوں کا نہ اسلام سے کوئی تعلق ہے، نہ پاکستان کی خوشحالی سے۔ یہ عناصر صرف معصوم قبائلی بچوں اور ملک کے امن کو نشانہ بنانا چاہتے ہیں۔

ذرائع نے واضح کیا ہے کہ دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا، اور سیکیورٹی فورسز اس بات کے لیے پرعزم ہیں کہ پاکستان کے تعلیمی اداروں اور شہریوں کو محفوظ بنایا جائے۔

Inter Services Public Relations (ISPR)

Fitnah Al Khawarij

Afghan Khawarij

Wana Cadet College Attack