اسلام آباد جی الیون کچہری کے باہر خودکش دھماکا، ہلاکتیں 12 ہو گئیں، 27 زخمی

منگل کی دوپہر اسلام آباد کچہری کے پارکنگ ایریا میں ایک گاڑی میں زور دار دھماکا ہوا، جس کی آواز دور دور تک سنی گئی.
اپ ڈیٹ 11 نومبر 2025 02:54pm

وفاقی دارالحکومت کے علاقے جی الیون میں کچہری کے باہر زوردار خودکش دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 12 افراد شہید جبکہ 27 زخمی ہوگئے۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب عدالت کے باہر معمول کی سرگرمیاں جاری تھیں، جس سے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ کارروائی مبینہ طور پر ہندوستانی اسپانسرڈ افغان طالبان کی پراکسی تنظیم “فتنہ الخوارج” کی جانب سے کی گئی۔ جائے وقوعہ سے خودکش بمبار کا جسمانی دھڑ سڑک پر پڑا ملا ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

AAJ News Whatsapp

وزیرداخلہ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ خودکش دھماکا 12 بج کر 39 پر ہوا، جس میں 12 افراد شہید اور 27 زخمی ہوئے۔

محسن نقوی نے بتایا کہ خودکش حملہ آور کچہری کے اندر جانا چاہتا تھا، لیکن ناکامی پر پولیس کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خودکش بمبار 10 سے 12 منٹ تک جائے وقوع پر کھڑا رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ حملے میں جو بھی ملوث ہوا اسے نتائج بھگتنا ہوں گے، خودکش حملہ آوروں کی افغانستان میں کمیونی کیشن کے بارے میں معلومات تھیں۔ زخمی اور شہید ہونے والوں کی شناخت کا عمل جاری ہے

دھماکے کے بعد ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں منتقل کیا گیا جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکھٹے کرنا شروع کر دیے ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق 12 لاشیں پمز اسپتال منتقل کی گئی ہیں، جبکہ 27 زخمیوں کو ایمرجنسی وارڈ میں داخل کر لیا گیا ہے، جن میں بعض کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

قبل ازیں، دھماکے کو گاڑی میں سلینڈر کے پھٹنے کا نتیجہ قرار دیا گیا تھا۔ دھماکا تقریباً ساڑھے بارہ بجے ہوا، جس کے نتیجے میں پارکنگ میں آگ لگ گئی۔

اسلام آباد

Cylinder blast