سیٹ بیلٹ پرنٹ والی شرٹ آپ کو ای چالان سے بچا سکے گی؟

کراچی میں سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر اب تک 31 ہزار سے زائد ای چالان ہوچکے ہیں۔
شائع 10 نومبر 2025 03:32pm

کراچی میں ای چالان مہم کے 15 ویں روز تک ٹریفک پولیس مختلف خلاف ورزیوں پر 48 ہزار سے زائد ای چالان جاری کرچکی ہے۔ سب سے زیادہ ای چالان سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزیوں پر کیے گئے، جن کی تعداد 31 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف جاری ای چالان مہم کو 15 روز ہوگئے ہیں۔ اس دوران ٹریفک پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 48 ہزار سے زائد ای چالان جاری کیے۔

ڈی ایس پی ایڈمن ٹریفک کاشف ندیم کے مطابق سب سے زیادہ خلاف ورزیاں سیٹ بیلٹ نہ باندھنے کی سامنے آئیں، جن پر 31 ہزار سے زائد ای چالان کیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیٹ بیلٹ باندھنے میں صرف چند سیکنڈ لگتے ہیں، مگر حادثے میں بھی چند ہی سیکنڈ قیمتی جان لے سکتے ہیں۔

AAJ News Whatsapp

ای چالان سے بچنے کے لیے شہریوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر نت نئے مشورے سامنے آرہے ہیں۔ ایکس پر شیئر ہونے والی پوسٹس میں سے ایک میں صارف نے سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی پر چالان سے بچنے کے لیے ایک شرٹ کی تصویر شیئر کی۔

تصویر میں شرٹ پر سیٹ بیلٹ نما ایک دھاری موجود ہے، جس کے بارے میں سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جارہا ہے کہ یہ شرٹ کیمرے کو دھوکا دے سکتی ہے۔

تاہم ڈی ایس پی کاشف ندیم نے واضح کیا کہ کسی شہری کے سیٹ بیلٹ کی پرنٹ والی شرٹ پہننے کی کوئی اطلاع نہیں ملی اور اگر کوئی ایسا کرتا ہے تو کیمرہ اس کو بھی پکڑ لے گا۔ انہوں نے کہا کہ خوش آئند بات یہ ہے کہ زیادہ تر شہری اب قوانین پر عمل درآمد کرنے لگے ہیں۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ای چالان مہم کا مقصد شہریوں میں نظم و ضبط پیدا کرنا اور حادثات میں کمی لانا ہے، اس لیے شہریوں سے اپیل ہے کہ ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں۔

Israel

Sindh Police

Traffic violation

E Challan Karachi

ای چالان

E challans