کراچی میں 10 روز کے دوران مجموعی طور پر کتنے ای چالان کیے گئے؟
کراچی میں 27 اکتوبر سے 5 نومبر کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر مجموعی طور پر 37 ہزار 170 ای چالان جاری کیے گئے ہیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق سب سے زیادہ 23 ہزار 393 چالان سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر کیے گئے جب کہ 7 ہزار 117 موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ نہ پہننے پر چالان کیا گیا۔
اوور اسپیڈنگ کی 2 ہزار 102 اور ریڈ سگنل توڑنے کی 1 ہزار 818 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں۔ موبائل فون کے استعمال پر 1 ہزار 100، ٹنٹڈ گلاس والی 433، اور فینسی نمبر پلیٹس والی 297 گاڑیوں پر کارروائی کی گئی۔
علاوہ ازیں 293 گاڑیوں کو غلط سمت چلانے، 265 میں مسافروں کے چھت پر بیٹھنے اور 191 ڈرائیورز کو نو پارکنگ زون کی خلاف ورزی پر چالان کیا گیا۔ سیف سٹی کیمروں سے 2 ہزار 504 اور آئی ٹی ایس سسٹم کے ذریعے 25 ہزار 590 چالان جاری کیے گئے۔
یاد رہے کہ جون میں حکومت سندھ نے فیصلہ کیا تھا کہ ٹریفک خلاف ورزیوں کے ای چالان براہِ راست گاڑی مالکان کے رجسٹرڈ پتے پر بھیجے جائیں گے اور جن گاڑیوں کے جرمانے ادا نہیں ہوں گے انہیں فروخت یا منتقلی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا تھا جب اسپتالوں کے اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں ہیوی ٹریفک سے متعلق حادثات میں اضافہ ہوا تھا، جن میں صرف 2024 میں تقریباً 500 افراد جاں بحق اور 4 ہزار 879 زخمی ہوئے تھے۔
ان ہلاکت خیز واقعات کے بعد شہریوں کے احتجاج کے باعث صوبائی حکومت نے دن کے وقت بھاری گاڑیوں کے داخلے پر پابندی لگا دی تھی اور انہیں فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا پابند کیا تھا۔









