دہشتگردوں کو اکتوبر میں 10 سال کی سب سے بدترین شکست کا سامنا

دہشتگرد تنظیمیں شدید دباؤ کا شکار ہیں اور ان کے لیے نئے حملے منظم کرنا مشکل ہو گیا ہے، رپورٹ
شائع 04 نومبر 2025 10:00am

پاکستان میں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز نے ایک اور سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ تحقیقی ادارے پاکستان انسٹیٹیوٹ فار کانفلکٹ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز کی رپورٹ کے مطابق اکتوبر کے مہینے میں دہشتگردوں کو پچھلے دس سال کی سب سے بڑی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاک فوج کے عزم، قربانی اور پیشہ ورانہ مہارت نے دہشتگردوں کے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔ ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والی مؤثر کارروائیوں نے دہشتگرد نیٹ ورکس کی کمر توڑ دی۔

افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام: سیکیورٹی فورسز کی 2 کارروائیوں میں 3 دہشت گرد ہلاک

اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر میں 355 دہشتگرد مارے گئے جبکہ 72 سیکیورٹی اہلکار اور 31 شہری شہید ہوئے۔

AAJ News Whatsapp

رپورٹ کے مطابق دہشتگردی کے حملوں میں مجموعی طور پر 19 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جو سیکیورٹی اداروں کی کامیاب حکمتِ عملی کا نتیجہ ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ اگست کے مقابلے ستمبر میں دہشتگرد حملوں کی تعداد میں 52 فیصد کمی آئی، جو ظاہر کرتا ہے کہ دہشتگرد تنظیمیں شدید دباؤ کا شکار ہیں اور ان کے لیے نئے حملے منظم کرنا مشکل ہو گیا ہے۔

سیکیورٹی ماہرین کے مطابق یہ کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان کی فورسز دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ملک میں امن کے قیام کے لیے اپنی قربانیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

پاکستان

security forces

Terrorism in Pakistan