Aaj News

پاکستان کا ٹرمپ کے مجوزہ ’غزہ امن منصوبے‘ کی حمایت کا اعلان

پاکستان اس مشاورتی عمل میں فعال طور پر شریک رہے گا، عاصم افتخار
اپ ڈیٹ 30 ستمبر 2025 10:30am
Pakistan Welcomes Trump Gaza Plan | Asim Iftikhar | Two-State Solution - Pakistan news

پاکستان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ ’’غزہ امن منصوبے‘‘ کو خطے میں قیام امن کا نادر موقع قرار دیتے ہوئے اس پر بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اس مشاورتی عمل میں فعال طور پر شریک رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے حوالے سے نئی سفارتی راہیں کھل رہی ہیں۔

عاصم افتخار نے اسرائیلی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کا ای ون بستی منصوبہ دو ریاستی حل پر براہ راست حملہ ہے، یروشلم کو فلسطین سے کاٹنے کی کوششیں بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہیں، جبکہ مغربی کنارے کی جغرافیائی وحدت کو توڑنے کی سازش عالمی قوانین اور انسانی اصولوں کے منافی ہے۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے ہمراہ پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ غزہ میں امن کیلئے ’’بیس نکاتی منصوبہ‘‘ مرتب کیا گیا ہے جس پر مسلم ممالک کی بھرپور تائید حاصل ہے۔

ٹرمپ نے اس موقع پر پاکستان کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل شروع سے ہمارے ساتھ ہیں اور انہوں نے اس منصوبے کی سو فیصد حمایت کی ہے‘۔

انہوں نے سعودی ولی عہد، امیر قطر، اردن کے شاہ، ترک صدر اور انڈونیشیائی رہنماؤں کو بھی ’’قابلِ قدر شراکت دار‘‘ قرار دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی منصوبے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ غزہ جنگ بندی کیلئے ٹرمپ کے بیس نکاتی منصوبے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان دیرپا امن وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ یہ نہ صرف خطے میں سیاسی و معاشی استحکام لائے گا بلکہ عالمی امن کے لئے بھی اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ اس تصور کو عملی شکل دینے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں اور وہ ان کی قیادت کو سراہتے ہیں۔

نیتن یاہو کی یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے حماس کو معافی اور محفوظ راستہ دینے کی پیشکش

وزیراعظم نے امریکی مشیر اسٹیو وٹکاف کے کردار کی بھی تعریف کی اور کہا کہ ’اسٹیو وٹکاف نے جنگ رکوانے کیلئے قابلِ تحسین کوششیں کی ہیں‘۔

شہباز شریف نے دو ریاستی حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’اس پر عمل درآمد ہی خطے میں پائیدار امن کی ضمانت ہے‘۔

پاکستان

Gaza

Benjamin Netanyahu

Trump Peace Plan