Aaj News

بنوں اور کرک میں دہشت گردوں کے تھانوں پر حملے ناکام، 3 دہشت گرد ہلاک

دہشت گرد لاشوں اور زخمیوں سمیت فرار ہوگئے
شائع 17 ستمبر 2025 10:27am

خیبرپختونخوا کے اضلاع بنوں اور کرک میں دہشت گردوں کے حملے ناکام بنا دیے گئے ہیں۔ پولیس نے جوابی کارروائی میں 3 دہشت گردوں کو ہلاک اور 4 کو زخمی کردیا جب کہ دہشت گرد لاشوں اور زخمیوں سمیت فرار ہوگئے۔

بنوں میں دہشت گردوں نے پہلے میریان تھانے اور پھر مزنگ چوکی کو نشانہ بنایا تاہم پولیس نے دلیری اور حکمت عملی سے دونوں حملے پسپا کر دیے۔

ریجنل پولیس آفیسر کے مطابق دہشت گردوں نے میریان تھانے پر حملہ کیا جسے 20 منٹ میں ناکام بنایا گیا۔ میریان میں مزنگ چوکی پر بھی درجنوں دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا جہاں فائرنگ کا سلسلہ ایک گھنٹے تک جاری رہا۔

آر پی او بنوں سجاد خان کے مطابق پولیس نے 3 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ 4 کو زخمی کردیا، دہشت گرد اپنے ساتھیوں کی لاشیں اور زخمیوں کو لے کر فرار ہوگئے جب کہ حملے میں 3 پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے۔

AAJ News Whatsapp

دوسری جانب کرک کے گرگری تھانے پر بھی دہشت گردوں نے حملہ کیا تاہم اس دوران پولیس اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ڈی پی او کے مطابق دہشت گردوں کو تھانے کے قریب نہیں آنے دیا گیا۔

بنوں میں دہشت گرد حملہ ناکام بنانے پر پولیس کو خراج تحسین

ادھر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنوں میں دہشت گرد حملہ ناکام بنانے پر پولیس کو خراج تحسین پیش کیا اور 3 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر پولیس کی صلاحیتوں کی تعریف کی ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ پولیس نے خوارجیوں کے دونوں حملوں کو ناکام بنایا، خیبرپختونخوا پولیس نے شجاعت کی داستانیں رقم کی ہیں۔

خیبر پختونخوا

Bannu

terrorists attack

Kark

terrorists attack police check post